عمران خان کا اظہار افسوس
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کرونا وائرس سے ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ خبر سن کر بہت صدمہ پہنچا ہے کہ بیرون ملک رہنے والے متعدد پاکستانی کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہلا ک ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اُن کی ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
سندھ میں تین گھنٹے کا لاک ڈاؤن
حکومت سندھ نے نمازِ جمعہ کے اجتماعات محدود رکھنے کے لیے آج 12 بجے سے دوپہر تین بجے تک لاک ڈاؤن مزید سخت رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے مسلسل تیسرے جمعے بارہ بجے سے تین بجے کے دوران لاک ڈاؤن میں سختی کی جا رہی ہے۔
حکم نامے کے مطابق مذکورہ دورانیے کے دوران کسی کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پاکستان میں ہلاکتیں 135 ہو گئیں
پاکستان میں کرونا وائرس کے شکار مزید 11 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 135 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد چھ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گیارہ اموات کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 135 ہو گئی ہے۔
نیویارک میں 10 ہزار، امریکہ میں 34 ہزار، یورپ میں 92 ہزار اموات
نیویارک کی انتظامیہ نے گھروں یا نرسنگ ہومز میں ہونے والی ہزاروں اموات کو کرونا وائرس کی ہلاکتوں میں شامل کر لیا ہے۔ اس کے بعد شہر میں اموات کی تعداد 10 ہزار اور امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔
ادھر برطانیہ میں جمعرات کو مزید 861 افراد انتقال کر گئے، جبکہ ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی۔ برطانیہ یورپ کا پانچواں اور دنیا کا چھٹا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ ہوئی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، 210 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 21 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ صرف یورپ میں 92 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں 753، اٹلی میں 525، بیلجییم میں 417، اسپین میں 318، کینیڈا 181، نیدرلینڈز میں بھی 181، برازیل میں 167، جرمنی میں 139، سویڈن میں 130 اور ترکی میں 125 چل بسے۔ ایران میں 92 افراد کا انتقال ہوا جبکہ چین میں ایک بھی ہلاکت نہیں ہوئی۔
امریکہ میں جمعرات کی سہہ پہر تک 1645 اموات ہو چکی تھیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے 33 لاکھ 70 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ میں سب سے زیادہ اموات ریاست نیویارک میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 16251 ہوچکی ہے۔ نیوجرسی میں 3518، مشی گن میں 2093، لوزیانا میں 1156، میساچوسیٹس میں 1108 اور الی نوئے میں 1072 ہلاکتیں ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔