امریکہ لاطینی امریکہ کے ملکوں سمیت انڈونیشیا اور پاکستان کو وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی آلات فراہم کرے گا
ایک ایسے وقت میں، جب کرونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں پنجے گاڑ دیے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے دن اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ امریکہ ہنڈوراس، ایکواڈور، انڈونیشیا اور السلواڈور کو وینٹی لیٹر بھیجے گا۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ ''حالیہ دنوں میں، امریکہ نے متعدد وینٹی لیٹرز بنائے ہیں'' جنھیں ہم ایکواڈور کو بھیجیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ امریکہ ایکواڈور کی کئی طرح سے مدد کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینٹی لیٹرز اور کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے میں امریکہ ہنڈوراس کے صدر جوہان آرلینڈو ہرناڈیز کی مدد کرے گا۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ السلواڈور کو بھی وینٹی لیٹرز اور دیگر ضروری طبی آلات بھیجے گا، تاکہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی تنفس کی تکالیف میں مبتلا مریضوں کی مدد کی جا سکے۔
ٹرمپ نے لاطینی امریکہ کے ان ملکوں کو سراہا جو غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ جانے سے روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے صدر ٹرمپ سے فون پر بات کی۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ویدودو نے کرونا کے مریضوں کی سانس کی تکالیف دور کرنے میں مدد دینے کے لیے، امریکہ انڈونیشیا کو درکار طبی آلات فرہم کرے گا۔
گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے میکسیکو کو معقول تعداد میں وینٹی لیٹرز دینے کی پیش کش کی تھی، ساتھ ہی انھوں نے ایران کو ایسی ہی مدد کی بھی پیش کش کی۔
اس سے قبل، پاکستان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، کرونا کے انسداد کے سلسلے میں امریکہ نے بدھ کے روز وینٹی لیٹرز دستیاب کرنے کی پیش کش کی ہے، ساتھ ہی کرونا ٹیسٹ کے نتائج کم وقت میں تیار کرنے والی مشینیں بھی دی جائیں گی۔
امریکی انٹیلی جنس اداروں کا چین پر افواہیں پھیلانے کا الزام
امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کے مطابق امریکہ کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کہا ہے کہ چین نے گمراہ کن پیغامات پھیلائے کہ صدر ٹرمپ کرونا وائرس کے پیشِ نظر ملک گیر لاک ڈاؤن کرنے والے ہیں۔
اخبار کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ٹیکسٹ میسجز اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائے گئے ان پیغامات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جوں ہی امریکی فوجی متعین کردہ مقامات پر پہنچ جائیں گے، صدر ٹرمپ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیں گے۔
پیغامات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فوجیوں کی تعیناتی کا مقصد لوٹ مار اور فسادات کو روکنا ہے۔
یہ پیغامات دو دن کے اندر تیزی سے پھیل گئے تھے اور امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کو ٹوئٹر پر پیغام جاری کرنا پڑا تھا کہ یہ پیغامات جھوٹے ہیں۔
چین کی وزارت خارجہ نے ان الزامات کو انتہائی فضول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس قدر گھٹیا ہیں کہ ان کی تردید جاری کرنا بھی مناسب نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کو امریکی نشریاتی ادارے 'فاکس نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ چین نے سخت تکلیف پہنچائی ہے اور ان کے "ناکافی اقدامات" سے بہت سی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ وائرس چین کے شہر ووہان سے شروع ہوا اور اسے روکنے کے لیے چین نے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کو اس کا خمیازہ ادا کرنا پڑے گا۔
افغانستان میں کرونا وائرس کے ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ
افغانستان کی وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 95 نئے کیسز رپورٹ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ افغانستان میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1330 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں ایک دن کے دوران سامنے آنے والے کرونا وائرس کے کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
افغان وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک کرونا وائرس سے 43 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 188 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
افغان وزارت صحت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رمضان میں کیسز کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
رپورٹرز ڈائری: کرونا وائرس، لاک ڈاؤن کی صورتِ حال اور پہلا روزہ
پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک میں ماہِ رمضان کا بہت جوش و خروش سے استقبال کیا جاتا ہے۔ لیکن ماضی کے برعکس اس بار کرونا وائرس کے باعث رمضان کی رونقیں نظر نہیں آ رہیں۔
نہ تو رمضان کا چاند دیکھنے کا جوش دکھائی دے رہا ہے نہ ہی پہلی سحری اور پہلے روزے کی وہ خصوصی تیاریاں جو ماضی میں دکھائی دیتی تھیں۔
کرونا وائرس کے باعث پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی تمام نجی و سرکاری اداروں سمیت معاشی، کاروباری، سماجی، مذہبی اور سیاسی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
مارچ کے وسط سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ بازار اور تجارتی مراکز بند اور تعلیمی اداروں میں تدریس معطل ہے۔ سرکاری اور نجی اداروں کے دفاتر میں ملازمین کی حاضری برائے نام رہ گئی ہے۔
لوگوں کا رہن سہن بدل رہا ہے۔ عادات اور روایات تبدیل ہو رہی ہیں۔ دوستوں کا ایک دوسرے کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ختم، حتیٰ کہ لوگوں سے مصافحہ کرنا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔