سر درد، گلے میں سوزش، حسائیات کا ختم ہونا بھی وبا کی ممکنہ علامات
صحت کے ماہرین نے کرونا وائرس کی مزید ممکنہ علامات بتا دی ہیں تاہم اب بھی ان علامات کو حتمی قرار نہیں دیا گیا۔
امریکہ کے صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ سردی لگنا، سردی کے باعث بار بار کپکپاہٹ طاری ہونا، جوڑوں اور پٹھوں میں درد، گلے میں سوزش، سر درد سمیت سونگنے اور چکھنے کی حسائیات کا ختم ہو جانا بھی کرونا وائرس کی علامات ہو سکتی ہیں۔
قابل ازیں امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینٹیشن نے کہا تھا کہ بخار، سانس لینے میں تکلیف اور کھانسی ممکنہ طور پر کرونا وائرس کی علامات ہو سکتی ہیں۔
اسپین میں لاک ڈاؤن میں نرمی، بچوں کے ہمراہ پارکس میں جانے کی اجازت
اسپین میں کرونا وائرس کی شدت میں کمی آنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے۔ لوگوں کو بچوں سمیت گھروں سے نکلنے اور پارکس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
عالمی وبا کے پیشِ نظر اسپین میں گزشتہ چھ ہفتوں سے لاک ڈاؤن جاری تھا اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی
لاک ڈاؤن میں رمضان کی سرگرمیاں
دنیا بھر میں ماہ رمضان کا آغاز ہو چکا ہے۔ کرونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن کے باوجود رمضان کی خصوصی عبادات اور دیگر سرگرمیاں جاری ہیں۔ لیکن اس بار کا رمضان گزشتہ برسوں کی نسبت خاصا مختلف ہے۔ مساجد میں محدود اجتماعات ہو رہے ہیں اور بازاروں میں خریداروں کا رش نہیں ہے۔
برطانیہ میں لاک ڈاؤن میں فوری نرمی کا امکان مسترد
برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ حکومت ابھی نہیں کہہ سکتی کہ کب تک لاک ڈاؤن سے متعلق پالیسی میں نرمی کی جا سکے گی اور یہ کس قدر جلد ممکن ہو سکے گا۔
برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کب کس قدر جلد یا کتنی دیر سے تبدیلی لا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے آنے والے دنوں میں ہی کچھ بتا سکے گی۔
برطانوی وزیر اعظم کے مطابق یہ تمام فیصلے انتہائی شفافیت سے کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد پیر کو دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں جب کہ ان پر شدید دباؤ ہے کہ وہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے واضح نقشہ پیش کریں اور برطانیہ میں وبا کے ٹیسٹ کم ہونے کے حوالے سے سوالات کے جواب دیں۔