رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

02:09 28.4.2020

پاکستان میں صحافی کرونا وائرس کے نشانے پر

اسلام آباد میں پیر کو کرونا وائرس سے پہلے صحافی کی ہلاکت ہوئی ہے۔ پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کے سابق صحافی عبدالرشید بھٹی کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر انتقال کر گئے ہیں۔

اس کے ساتھ 'اے آر وائے نیوز' کے اسلام آباد بیورو آفس میں آٹھ صحافیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد بیورو آفس کو بند کر دیا گیا ہے۔

مختلف ٹی وی پروگراموں میں آنے والے مہمانوں کی وجہ سے بھی خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے۔ حال ہی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ اس دوران وہ مختلف ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں بھی شریک ہوتے رہے تھے اور وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی تھی۔

فیصل ایدھی کی مختلف پروگراموں میں شرکت کے بعد سما ٹی وی میں ایک اسٹوڈیو کیمرہ مین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ پروڈیوسر اور اینکر ندیم ملک سمیت باقی افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ ان افراد کو فوری طور پر قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔

اے آر وائے کے بیورو آفس میں اب تک 20 افراد کے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جن میں سے آٹھ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں ڈی ایس این جی کے وہ اسٹاف ممبر بھی شامل ہیں جو فیصل ایدھی کی رہائش گاہ پر پروگرام کے لیے گئے تھے۔

اس سے قبل 'اے پی پی' کی ویڈیو سروس میں بھی کرونا وائرس کا ایک ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دفتر کو بند کر دیا گیا تھا اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کا کہا گیا تھا۔

'جیو نیوز' کے کراچی دفتر میں ایک ٹیکنیشن کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسٹاف کو محدود کیا گیا ہے اور ہر فلور کے اسٹاف کو دوسرے کسی فلور پر جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔

چینل '24 نیوز' کے پروڈیوسر اور اسٹاف ممبرز میں بھی کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 'جی نیوز' اور 'ہم نیوز' کے اسلام آباد دفتر میں بھی کرونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں دو صحافیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جس کے بعد دو درجن کے قریب صحافی قرنطنیہ میں چلے گئے ہیں۔ مظفر آباد میں قائم سینٹرل پریس کلب بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

سینٹرل پریس کلب مظفر آباد کے صدر سجاد قیوم نے بتایا ہے کہ کرونا کا شکار ہونے والے دونوں صحافی پاکستانی کشمیر کے وزیرِ صحت کا انٹرویو کرنے ان کے دفتر گئے تھے۔ جہاں وہ کرونا وائرس میں مبتلا وزیر صحت کے پرائیویٹ سیکریٹری سے بھی ملے تھے اور ممکنہ طور پر ان ہی سے کرونا وائرس کا شکار ہوئے۔

17:33 27.4.2020

بھارت: تبلیغی جماعت کے ارکان 28 روز گزرنے کے باوجود قرنطینہ میں رہنے پر مجبور

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز سے تعلق رکھنے والے اراکین کو قرنطینہ مراکز میں 28 روز گزارنے کے باوجود جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی جب کہ دیگر لوگوں کو 14 دن قرنطینہ میں گزارنے کے بعد جانے دی جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں 'دہلی اقلیتی کمیشن' نے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے اراکین کو 28 روز بعد بھی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ جس کی وجہ سے مسلم طبقے میں غلط پیغام جا رہا ہے اور اگر انہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی تو اس پر مقدمات بھی قائم ہو سکتے ہیں۔

اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے وزیر صحت سے اپیل کی ہے کہ تبلیغی جماعت کے جن اراکین کو قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے جن کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ ان کو وہاں سے جانے کی اجازت دی جائے۔

وزیر صحت یا وزارت صحت کے کسی اہلکار کی جانب سے اس خط کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

مزید جانیے

17:30 27.4.2020

افغانستان کے 18 صوبوں میں مزید 172 کیسز

افغانستان کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 صوبوں میں کرونا وائرس کے 172کیسز سامنے آئے ہیں۔

افغانستاں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1703 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر وحیداللہ مائر نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ افغانستان میں کرونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 58 ہے جب کہ 220 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے تین ہفتوں کے دوران وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں میں رہیں۔

ڈاکٹر مائر نے بتایا کہ 21 مقامی اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں 31 صوبوں میں کام کر رہی ہیں۔ ان میں طالبان کے زیر کنٹرول علاقے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے زیر کنٹرول علاقوں میں بھی کرونا وائس کے کیسز کی اطلاع ہے۔

کابل گزشتہ چار ہفتوں سے لاک ڈاؤن میں ہے اور دن میں کرفیو جاری ہے۔ مقامی رہائشی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کی شکایت کر رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق وہ رمضان کے مہینے میں اپنے خاندانوں کے لیے ضروری اشیا خریدنے سے قاصر ہیں۔

17:26 27.4.2020

بھارت میں کیسز کی تعداد 28 ہزار کے قریب، ہلاکتیں 872 ہو گئیں

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 27892 جب کہ ہلاکتیں 872 تک پہنچ گئی ہیں۔ حکام نے 6884 افراد کے صحت یاب ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا ہے کہ ملک کے 300 اضلاع کرونا فری ہیں۔ 297 میں ہاٹ سپاٹ یا کرونا کے مراکز نہیں ہیں جب کہ صرف 127 اضلاع ہی کرونا ریڈ زون ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن کے سلسلے میں چوتھی بار ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کی۔ میگھالیہ اور ہماچل پردیش کو چھوڑ کر تمام ریاستوں نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کی حمایت کی۔

بھارت میں 25 مارچ سے 40 روزہ لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی مدت تین مئی کو ختم ہو رہی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG