'اگلے سال تک وبا ختم نہ ہوئی تو اولمپکس منسوخ کر دیے جائیں گے'
رواں سال ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے صدر یوشیرو موری نے کہا ہے کہ اگر اگلے سال تک بھی کرونا وائرس ختم نہ ہوا تو اولمپکس منسوخ کر دیے جائیں گے۔
ٹوکیو اولمپکس 2020 پہلے ہی ایک سال کے لیے ملتوی کیے جا چکے ہیں جس کے بعد انہیں اگلے سال یعنی 2021 میں 23 جولائی سے منعقد ہونا ہے تاہم یوشیرو موری کا کہنا ہے کہ اس کے بعد مزید التوا ممکن نہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایک انٹرویو میں یوشیرو موری کا کہنا تھا کہ وبا پر قابو پانے میں زیادہ وقت لگنے سے اولمپکس میں تاخیر ہو گی لیکن اگر وائرس کنٹرول میں آگیا تو پھر ہم اطمینان سے اگلے سال اولمپکس منعقد کریں گے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ایک غیرمرئی دشمن سے لڑنے کے مترادف ہے۔
یوشیرو موری کا یہ بھی کہنا تھا کہ انسانی صحت کھیلوں سے زیادہ اہم ہے۔
دوسری جانب جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ یوشیتاکے یوکوکورا نے بھی منگل کو ہی اس بات سے خبردار کیا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے اگر کوئی ویکسین نہ بن سکی تو اگلے سال بھی ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد مشکل ہوگا۔
کرونا وائرس: خیبر پختو نخوا میں اموات دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ کیوں؟
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ صوبے میں اب تک کرونا سے 104 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ بعض ماہرین اس کی وجہ صوبے میں صحتِ عامہ کے ناقص نظام اور تربیت یافتہ عملے کی کمی قرار دیتے ہیں۔
چند روز قبل صوبے کے سرکاری اسپتال حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ایک سینئر ڈاکٹر جاوید انور کی ہلاکت اور طبی عملے کے 46 اراکین کے کرونا کا شکار ہونے پر صوبے میں عالمی وبا سے نمٹنے کی صلاحیت پر سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
وائس آف امريکہ سے بات کرتے ہوئے پشاور کے ايک سینئر ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خيبر پختونخوا کے اسپتالوں ميں انتہائی نگہداشت (آئی سی یوز) میں تربیت یافتہ عملے کی کمی ہے۔
اُن کے بقول اس کی وجہ صوبے میں متعارف کرایا گیا 'ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ریفارمز ایکٹ' ہے۔ جس کے تحت سینئر ڈاکٹرز کی درجہ بندی میں کئی جونیئر ڈاکٹرز آ گئے ہیں۔ لہذٰا اب صوبے کے بڑے اسپتال جونیئر ڈاکٹرز ہی چلا رہے ہیں۔
پنجاب میں کرونا سے 95 ہلاکتیں، مجموعی کیس 5730
پاکستان کے صوبے پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق صوبے میں کرونا سے سب سے زیادہ 1408 مریض لاہور میں ہیں۔ پنجاب میں کرونا سے اب تک 95 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کے بقول ہلاک ہونے والوں کی عمر 50 سے 70 سال کے درمیان ہے۔ پانچ سے چھ فی صد اموات 50 سال سے کم عمر افراد کی ہوئیں، لیکن وہ کرونا کے علاوہ کسی اور مرض میں بھی مبتلا تھے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ صوبے میں اب تک 5730 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ صوبے میں اب تک 75229 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ 1326 مریض اب تک مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ اگر دورانِ ڈیوٹی طبی عملے کا کوئی شخص کرونا کا شکار ہو کر ہلاک ہوا تو اسے شہید کا درجہ دیا جائے گا۔ دوران ڈیوٹی ہلاک ہونے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو 40 ملین روپے تک کا پیکج دیا جائے گا۔
اُن کے بقول پنجاب میں کرونا ٹیسٹ کے لیے سات لیبارٹریاں فعال ہو چکی ہیں جب کہ تین مزید قائم کی جا رہی ہیں۔