- By محمد ثاقب
سندھ میں وبا سے ایک ہی روز میں 12 اموات
صوبہ سندھ میں کرونا سے ایک ہی روز میں 12 اموات ہوئی ہیں جو وبا کے آغاز اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیاد اموات ہیں۔ دوسی جانب کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاوس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز صوبے میں کرونا کے 358 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 53 بتائی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایک ہی روز میں 358 نئے کیسز سامنے آنا پریشان کن بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کے 24 گھنٹوں میں مزید 2578 ٹیسٹ کیے گئے ۔ اب تک صوبے میں 54377 ٹیسٹ ہو چکے ہیں جب کہ مریضوں کی کُل تعداد 6053 ہوگئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک 1222 مریض صحت یاب ہوئے جو کُل تعداد کا 20.2 فی صد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا کے باعث 12 نئی اموات کے ساتھ اموات کی تعداد 112 ہو گئی ہے۔
ان کے بقول سندھ میں کرونا وائرس کے 4721 مریض زیر علاج ہیں۔ جن میں 3473 مریض گھروں میں قرنطینہ میں ہیں جب کہ 741 مریض قرنطینہ مراکز اور 505 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ 17 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
خیال رہے کہ صوبے میں کرونا کے باعث انتقال کرنے والوں میں 73 فی صد مرد جب کہ 27 فی صد خواتین بتائی جاتی ہیں۔
اسلام آباد: 30 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دو سب سیکٹرز سیل
اسلام آباد کے سیکٹر آئی-10 کے دو سب سیکٹرز میں 30 سے زائد کرونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد انہیں سیل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان دو سب سیکٹرز میں کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد سیل کیا جارہا ہے.
نوٹیفکیشن کے مطابق اس مقصد کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور فوج کی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق 28 اپریل تک اس علاقے میں 30 سے زائد کیسز سامنے آ چکے تھے جس کی وجہ سے اس علاقے کو ہائی رسک قرار دے کر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں کیونکہ علاقے میں موجود مریضوں سے وبا پھیلنے کا خدشہ تھا۔
بیشتر مریضوں کو گھروں پر قرنطینہ کیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مزید افراد کے ٹیسٹ کر رہی ہیں۔