چین سب سے زیادہ متاثرہ 10 ملکوں کی فہرست سے نکل گیا
چین کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ملکوں کی فہرست سے نکل گیا ہے۔ جمعے کو برازیل 87 ہزار 187 کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں دسویں نمبر پر آ گیا ہے۔
کرونا وائرس سے افغان امن عمل متاثر ہونے کا خدشہ
امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب افغان امن عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ امریکی کانگریس کو دی گئی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی وبا کے دوران غذائی قلت، جنگ اور دیگر خطرات سے دوچار ہونے کے سبب افغانستان کا ناقص نظام صحت تباہی کے دہانے پر ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والی اس رپورٹ کے بعد امریکی حکام کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے کہ عالمی وبا سے افغانستان میں جاری امن کی کوششیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق افغانستان کی تعمیر نو کے لیے مقرر اسپیشل انسپکٹر جنرل (سیگار) جان سوپکو نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ایک طرف افغان امن عمل متاثر ہو رہا ہے تو دوسری طرف سرحدیں بند ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں بھی خلل پڑا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کا ناقص نظام صحت، وسیع پیمانے پر پھیلی غذائی قلت، غیر محفوظ سرحدیں، لوگوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ جاری کشیدگی سے آنے والے ہفتوں میں افغانستان کا طبی نظام مفلوج ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز رپورٹ
بورس جانسن ملک میں معاملات زندگی بحال کرنے کے لیے پر امید
برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے زور میں کمی آئی ہے۔ اگلے ہفتے معمولات زندگی کی جانب واپسی کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی۔
کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد بورس جانسن سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر کھڑے ہو کر پہلے مرتبہ صحافیوں سے مخاطب ہوئے۔
برطانوی عوام کو حوصلہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام لاک ڈاؤن میں عائد کردہ پابندیوں پر عمل کریں۔ جس کی وجہ سے معمولات زندگی اور معیشت متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔
برطانیہ، یورپ میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ جہاں اس وبا سے 26 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔