پاکستان میں اموات 500، مریض 22 ہزار سے زیادہ
پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 548 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس میں مبتلا 28 افراد دم توڑ گئے ہیں۔ اس طرح اموات کی تعداد 514 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 22 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں 22049 مثبت آئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں مریضوں کی تعداد سندھ اور پنجاب سے کم ہے لیکن وہاں سب سے زیادہ یعنی 194 اموات ہوچکی ہیں۔ سندھ میں 148 اور پنجاب میں 144 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔ بلوچستان میں یہ تعداد 21، اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 ہے۔ آزاد کشمیر میں کسی کا انتقال نہیں ہوا۔
اب تک ملک میں 5801 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں پنجاب کے 2716، سندھ کے 1629، خیبرپختونخوا کے 875، گلگت بلتستان کے 279، بلوچستان کے 197، اسلام آباد میں 56 اور آزاد کشمیر کے 49 شہری شامل ہیں۔
کرونا وائرس سے ماحولیات کو کیا فائدہ ہو رہا ہے؟
کرونا وائرس سے ماحولیات کو کتنا فائدہ ہو رہا ہے؟ لاک ڈاؤن کے باعث گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کتنی کمی ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟ دیکھیے وائس آف امریکہ کے اس ایکسپلینر میں۔
- By محمد ثاقب
سندھ حکومت کا 250 ڈسپوزبل وینٹی لیٹرز خریدنے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے کرونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 250 ڈسپوزبل وینٹی لیٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جن میں سے 50 ڈسپوزبل وینٹی لیٹرز صوبائی حکومت کو مل چکے ہیں جب کہ صوبائی محکمہ صحت نے مزید 163 وینٹی لیٹرز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں 13 کرونا ٹیسٹنگ لیبارٹریز ہیں جہاں یومیہ 4800 کرونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے جب کہ اس صلاحیت کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں 283 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔ اس وقت 14مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں اب تک 64 ہزار افراد کی ایئرپورٹ پر اسکریننگ کی جاچکی ہے۔
وزیر اعلیٰ ہاوس سے جاری تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے 307 نئے کیسز میں سے 237 کا تعلق کراچی سے ہے جب کہ خیرپور میں 21، کشمور کندھ کوٹ میں 12، لاڑکانہ میں 8، حیدرآباد میں 5، سکھر میں 3 ، بدین ، سانگھڑ اور شہید بینظیر آباد میں ایک ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔
کرونا وائرس کے علاج کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم جاری
یورپین یونین کرونا وائرس کے علاج اور اس کی ویکسین کی تیاری کے لیے آٹھ ارب ڈالرز کی رقم جمع کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
یورپی یونین کی کوششوں میں دنیا بھر کے 40 ممالک، فلاحی تنظیموں اور لوگوں نے تعاون کرتے ہوئے چندا دینے کا اعلان کیا ہے۔
یورپین کمیشن اور ناروے نے ایک ایک ارب ڈالر، جاپان نے 80 کروڑ ڈالر جب کہ فرانس، سعودی عرب اور جرمنی نے پچاس پچاس کروڑ ڈالرز دینے کی یقن دہانی کی ہے۔