- By یاسمین جمیل
امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں
کرونا وائرس کے باعث ایئرپورٹس کی بندش اور فلائٹ شیڈول معطل ہو جانے سے امریکہ میں پھنسے ہوئے ہزاروں پاکستانیوں کے لیے پاکستان کی قومی ایئرلائن تین چار روز میں اپنا خصوصی آپریشن شروع کر رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں تین فلائٹس چلائی جا رہی ہیں جن میں سے دو واشنگٹن سے اور تیسری پرواز نیوجرسی سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پاکستانی حکومت کی درخواست پر امریکہ نے 12 خصوصی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی ہے جو ایک ماہ کے اندر آپریٹ ہوں گی۔
پی آئی اے کے ترجمان، عبداللہ حٖفیظ خان نے اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پروازوں کے شیڈول کا اعلان وزارت خارجہ جلد ہی کرے گی اور آئندہ تین چار روز میں فلائٹس آپریشن شروع کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
جن ملکوں سے کرونا وائرس کا نام و نشان مٹ گیا
امیر اور غریب، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر، فلاحی اور غیر فلاحی، ہر طرح کے ممالک عالمگیر وبا سے متاثر ہیں۔ محض چند ملک ایسے ہیں جہاں کرونا وائرس نہیں پہنچ سکا۔ لیکن، جہاں پہنچ چکا ہے، وہاں عام خیال یہی ہے کہ تباہی مچا کے چھوڑے گا۔
حقیقت اس خیال کے برعکس ہے۔ کئی ملکوں اور خود مختار جزیروں میں کرونا وائرس کے کیسز نمودار ہوئے، لیکن کچھ عرصے کے بعد یا تو سب مریض شفایاب ہوگئے، یا اکا دکا اموات کے بعد اس کا نام و نشان مٹ گیا۔
وسطی امریکہ کا ملک بیلز میکسیکو کا پڑوسی ہے اور اس کی آبادی 4 لاکھ ہے۔ یہاں پہلے مریض کا علم 23 مارچ کو ہوا تھا جس کے بعد ایک ایک کرکے مزید 17 کیسز سامنے آئے۔ ان میں سے ایک مریض 6 اپریل اور دوسرا 10 اپریل کو چل بسا۔ باقی 16 مریض صحت یاب ہوگئے اور 13 اپریل کے بعد کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
جیلوں میں حفظان صحت کے منافی حالات وائرس کے پھیلاؤ کا سبب
انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر نے متنبہ کیا ہے کہ شمالی اور جنوبی امریکہ کی جیلوں میں حفظان صحت کے منافی صورتحال اور طبی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے کرونا وائرس متعدد جیلوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے عہدیداروں نے واضح اعداد و شمار تو پیش نہیں کئے۔ تاہم، ان کا کہنا ہے کہ خطے بھر کی جیلوں میں بند ہزاروں قیدی اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ قیدیوں میں اس وبا کے لگنے اور مناسب طبی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے بہت سی جیلوں میں دنگے فساد ہوئے ہیں۔
خبروں کے مطابق، یکم مئی کو وینزویلا کے ایک قید خانے میں وقوع پزیر ہونے والے ایک واقعے میں، 47 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔ پیرو اور کولمبیا کی جیلوں میں ہونے والے دنگوں میں قیدی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
انسانی حقوق کیلئے اقوام متحدہ کے دفتر کے ترجمان، رُپرٹ کول وِل کا کہنا ہے کہ غیر معیاری صورتحال کی بِنا پر ارجنٹینا، برازیل، کولمبیا، میکسیکو اور امریکہ کے قیدخانوں سے بہت سے قیدیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی ہے۔
ایران میں مساجد کھل گئیں لیکن 15 صوبے دوبارہ وائرس کی لپیٹ میں
اتوار کو ایرانی صدر حسن روحانی نے پیر سے 132 علاقوں میں مساجد کھولنے کا اعلان کیا۔ ان علاقوں میں کرونا کا زور نسبتاً کم ہے اور یہ سفید زون کہلاتے ہیں۔
صدر روحانی نے وسط اپریل سے ایران میں معمول کی زندگی واپس لانے کے عمل کو شروع کیا تھا۔ پرائمری تعلیم کے نائب وزیر رضوان حکمت زادے نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ سفید زون میں سولہ مئی سے سکول کھل سکتے ہیں۔
منگل کو جاری ہونے والی سرکاری رپورٹ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اور سوا چھ ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ 31 صوبوں میں سے 15 صوبوں میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آئی ہے۔