رسائی کے لنکس

امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کرونا وائرس کے باعث ایئرپورٹس کی بندش اور فلائٹ شیڈول معطل ہو جانے سے امریکہ میں پھنسے ہوئے ہزاروں پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے قومی ایئر لائن پی آئی اے نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ابتداً دو پروازیں 10 اور 13 مئی کو واشنگٹن ڈی سے اسلام آباد اور کراچی آئیں گی۔ ایک اور پرواز نیو جرسی سے لاہور آئے گی تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پروازوں کے علاوہ مزید تین فلائٹس پاکستانیوں کو وطن واپس لائیں گی۔ جن کے شیڈول کا اعلان چند روز میں کر دیا جائے گا۔

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پاکستانی حکومت کی درخواست پر امریکہ نے 12 خصوصی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی ہے جو ایک ماہ کے اندر آپریٹ ہوں گی۔

پی ائی اے اسٹاف
پی ائی اے اسٹاف

پی آئی اے کے ترجمان، عبداللہ حٖفیظ خان نے اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ مختلف ملکوں میں پھنسے ہوئے 10 ہزار کے لگ بھگ پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے ملک میں واپس پہنچ چکے ہیں۔

اُن کے بقول 20 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو جو تعطیلات یا عزیزوں سے ملنے پاکستان آئے ہوئے تھے، انہیں ان کے ملکوں میں واپس پہنچا دیا گیا ہے۔

پی آئی اے نے اپنی خصوصی پروازیں گزشتہ مہینے شروع کی تھیں جب کہ امریکہ کے لیے فلائٹ آپریشن آئندہ تین چار روز سے واشنگٹن سے شروع کیا جا رہا ہے۔ پہلی دو پروازیں واشنگٹن سے جب کہ ایک پرواز نیو جرسی سے ایئر پورٹ سے اُڑان بھرے گی۔

پی ائی اے
پی ائی اے

عبداللہ خان نے بتایا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے لیے ان تمام فلائٹس کو پاکستانی سفارت خانے اور ہائی کمیشن کنٹرول کر رہے ہیں۔ پی آئی اے ان مسافروں کو ٹکٹ جاری کرتا ہے جن کی فہرستیں سفارت خانہ جاری کرتا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے ٹکٹوں کی قیمت سے متعلق لوگوں کی شکایت کے متعلق بتایا کہ یہ پروازیں منافع کی غرض سے نہیں چلائی جا رہی ہیں، بلکہ ان کا مقصد بیرونی ملکوں میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی مدد کرنا ہے۔

ان پروازوں کی حیثیت چارٹرڈ پروازوں کی ہے اور پی آئی اے کے طیارے پاکستان سے خالی آتے ہیں۔ پی آئی اے صرف اپنے اخراجات پورے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پی آئی اے کے ٹکٹ دوسری فضائی کمپنیوں کے مقابلے میں کم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال سفارت خانے کی سفارشات کی روشنی میں امریکہ کے لیے 12 پروازوں کی اجازت لی گئی ہے۔ اگر واپس جانے والے پاکستانیوں کی تعداد زیادہ ہوئی تو مزید پروازوں کی اجازت کے لیے امریکہ سے درخواست کی جائے گی۔

پی آئی اے خلیجی ریاستوں میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پہلے ہی خصوصی پروازیں چلا رہا ہے اور وہاں سے روزانہ تین چار پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ کے علاوہ برطانیہ، فرینکفرٹ، ایمسٹرڈیم، پیرس، سڈنی اور کوریا سے بھی پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پروازیں وطن واپس لائیں گی۔

XS
SM
MD
LG