نریندر مودی آج قوم سے خطاب کریں گے
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی آج رات آٹھ بجے قوم سے خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں، لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی، سفری پابندیوں سمیت دیگر حکومتی اقدامات سے متعلق قوم کو آگاہ کریں گے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اب تک ملک بھر میں کیسز کی تعداد بھی 70 ہزار سے زیادہ ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی حکومت کی آئندہ کی حکمت عملی اور کرونا وائرس کے روک تھام سے متعلق اہم اعلانات بھی کریں گے۔
افغان خواتین فضائی میزبانوں کی ملازمت خطرے میں
کرونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر میں ایوی ایشن انڈسٹری کو نقصان ہو رہا ہے۔ وہیں فضائی آپریشن معطل ہونے سے افغانستان کی ایئر لائنز بھی بحران کا شکار ہیں۔ جس سے کئی خواتین فضائی میزبانوں کا روزگار بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
شگوفہ حیدری بھی ایسی ہی فضائی میزبانوں میں شامل ہیں۔ جو کرونا وبا کے باعث فلائٹ آپریشن بند ہونے سے متاثر ہوئی ہیں۔ ان کے علاوہ دیگر خواتین ایئر ہوسٹس بھی گھروں تک محدود ہیں۔
افغانستان میں ایوی ایشن انڈسٹری سے منسلک خواتین کو خدشہ ہے کہ مالی نقصانات کے باعث ان میں سے بیشتر کی ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں۔
افغانستان کی 'کام ایئر' اندرونِ ملک پروازوں کے علاوہ نئی دہلی، اسلام آباد اور استنبول بھی جاتی ہے۔ لیکن کرونا کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے ایئر لائن کو مالی خسارے کا سامنا ہے۔