طلبہ کو پروموٹ کرتے وقت پرسنٹیج میں تین فی صد اضافہ کیا جائے گا: سعید غنی
پاکستان کے صوبے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ اگلی کلاس تک پروموٹ ہونے والے طلبہ کو اضافی نمبر دیے جائیں گے۔ ہر طالب علم کے گزشتہ سال کے مارکس میں تین فی صد اضافہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومتِ پاکستان نے کرونا کے باعث تمام امتحانات منسوخ کرتے ہوئے طلبہ کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو اُمیدوار ہر صورت امتحان دینے پر اصرار کریں گے، اُن کا امتحان لیا جائے گا۔ گزشتہ سال کسی پرچے میں فیل ہونے والے طالب علم کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا جن طلبہ کے نویں جماعت میں 60 فی صد نمبر تھے اُنہیں 63 فی صد نمبر دیے جائیں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ وہ ایسا طریقہ کار وضع کر رہے ہیں، جس سے کسی کی حق تلفی نہ ہو۔
پاکستان میں اب بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد کم ہے: شاہ محمود قریشی
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مین کرونا وائرس ابھی بھی تیزی سے نہیں پھیل رہا۔ لیکن ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو صحتِ عامہ سے زیادہ معاشی چیلنج درپیش ہے۔
بدھ کو شنگھائی تعاون آرگنائزیشن (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے ویڈیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹیسٹ کی استعداد بڑھانے کے ساتھ ہی پاکستان میں کیسز بڑھ رہے ہیں۔ لیکن اُن کے بقول ابھی تک یہ اضافہ تشویش ناک نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے متنبہ کیا کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ لہذٰا حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ورلڈ بینک، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ترقی یافتہ ممالک کے گروپ، جی-20 کی جانب سے ادائیگیوں میں سہولت دینے پر شکر گزار ہے۔ لیکن ان کے بقول اس سلسلے میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 35 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ پاکستان میں وبا اپنی انتہا تک پہنچ گئی ہے یا نہیں۔
پنجاب میں رمضان کے آخری عشرے میں ہر طرح کے جلسے و جلوسوں پر پابندی
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے رمضان کے آخری عشرے میں یوم علی کے جلوس سمیت ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ البتہ ایس او پیز کے تحت امام بارگاہوں میں مجالس منعقد کی جا سکیں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹی فکیشن کے مطابق رمضان کے آخری عشرے میں مجالس کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہو گا جس میں محدود تعداد میں لوگ شرکت کر سکیں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ امام بارگاہوں میں مجالس فرش پر ہوں گی اور شرکا میں چھ فٹ کا فاصلہ ہو گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق بچوں، پچاس سال سے زائد عمر کے افراد اور بیماروں کے امام بارگاہوں پر آنے پر پابندی ہو گی۔
ایس او پیز کے مطابق مجالس زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹے تک جاری رکھی جا سکیں گی۔ امام بارگاہوں میں اجتماعی افطاری اور سحری پر بھی پابندی ہوگی۔
مجلس کے شرکا وضو گھر سے کر کے آئیں گے۔ ہر کسی کے لیے ماسک اور گلوز پہننا لازمی ہو گا۔ ہاتھ ملانے اور بغل گیر ہونے سے گریز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ امام بارگاہوں کی انتظامیہ صوبائی، ضلعی حکومتوں اور پولیس سے قریبی رابطہ رکھے گی۔
خیبر پختونخوا میں 160 ڈاکٹرز کرونا وائرس سے متاثر
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں اب تک 160 ڈاکٹرز کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پرونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق صوبے میں اب تک ایک سینئر ڈاکٹر مہلک بیماری سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ جمعرات کو مزید 11 ڈاکٹرز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ متاثرہ ڈاکٹرز میں قبائلی اضلاع کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نیاز آفریدی کے علاوہ خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کے ڈاکٹر مصلح الدین اور چارسدہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز اسپتال کے ڈاکٹر اصغر بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹروں کی تنظیم نے حکومت سے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ طبی عملے کے لیے شہدا پیکج سمیت وفاق اور سندھ کی طرز پر ڈبل تنخواہ اور رسک الاؤنس کے وعدے پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع میں قائم اسپتالوں میں 100 سے زائد نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔