رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:33 16.5.2020

12:17 16.5.2020

کرونا وائرس: امریکی ایوانِ نمائندگان میں تین ہزار ارب ڈالر مختص کرنے کا بل منظور

امریکی ایوانِ نمائندگان نے کرونا وائرس سے ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات کم کرنے کے لیے مزید تین ہزار ارب ڈالر مختص کرنے کے بل کی منظوری دے دی ہے۔

حزب اختلاف کی جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی کے اکثریتی ایوان میں بل کی منظوری 199 کے مقابلے میں 208 ووٹوں سے دی گئی۔ البتہ حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی نے سینیٹ میں بل کی منظوری روکنے کا عندیہ دیا ہے۔

ایوانِ نمائندگان میں منظور ہونے والی بل کی کل مالیت حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے چار مراحل میں منظور کی گئی رقم سے بھی زیادہ ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مذکورہ بل ان کی میز پر آیا تو وہ اسے ویٹو کر دیں گے۔

ری پبلکن اراکین کا کہنا ہے کہ مزید رقم خرچ کرنے کے بجائے کاروبار کھولنے اور ٹیکس میں مزید رعایت دی جائے۔ صدر ٹرمپ کا بھی یہی کہنا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے متعلق چوتھے مرحلے کا جلد اعلان کریں گے جو امریکی عوام کے لیے بہت اچھا ہو گا۔

ایوانِ نمائندگان میں پاس ہونے والے بل میں بے روزگار ہونے والے افراد کی مدد، خوراک کی فراہمی، کرایے اور گھروں کی اقساط دینے سے قاصر امریکیوں کی مالی معاونت اور اربوں ڈالر صحتِ عامہ پر خرچ کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیے

10:28 16.5.2020

پاکستان میں اندرونِ ملک فضائی آپریشن آج سے بحال

پاکستان میں 16 مئی سے اندرونِ ملک فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا ہے۔ یہ فلائٹ آپریشن 25 مارچ کو کرونا وائرس کے باعث کیے گئے لاک ڈاؤن کے سبب معطل کیا گیا تھا۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے اور نجی ایئر لائن سیرین ایئر کو اندرونِ ملک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایئر لائنز کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانا ہو گا۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پشاور ایئر پورٹ سے چار اور کوئٹہ ایئرپورٹ سے ہفتے میں آٹھ پروازیں چلیں گی۔

اسلام آباد اور لاہور سے ہفتے میں 32 پروازیں چلیں گی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی سے ہفتے میں 68 پروازیں چلیں گی۔

03:36 16.5.2020

بیلجئم میں سکول کھل گئے، ماسک اور ٹمپریچر جانچنے کی پابندی

یورپ کے ملک بیلجئم میں جمعے کے روز دو مہینوں سے جاری لاک ڈاؤن کے بعد جمعے کے روز سکول کھل گئے اور بچوں کو ماسک لگائے، بیگ اٹھائے سکول جاتے دیکھا گیا۔

بیلجئم ایک کروڑ 15 لاکھ آبادی کا ملک ہے۔ اور یہ یورپی اقوام میں کرونا وائرس سے بری طرح متاثرہ ملکوں میں شامل ہے۔ بیلجئم نے مئی کے آغاز سے ہی بتدریج لاک ڈاؤن کی پابندیاں اٹھانا شروع کر دیں تھیں۔ تعلیمی اداروں کا کھولنا پابندیاں نرم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔

پرائمری اور سیکنڈری سکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فائنل ایئر کی کلاسیں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔ مگر انہیں سماجی فاصلے قائم رکھنے، ماسک پہننے اور ٹمپریچر باقاعدگی سے جانچنے کی سختی سے پابندی کرنا ہو گی۔ اور یہ کلاسیں محدود طالب علموں کے ساتھ شروع کی جا سکیں گی۔ کلاسوں کا آٖغاز اگلے ہفتے سے ہو گا۔ تاہم، کئی سکولوں نے ریہرسل کے طور پر جمعے کے روز اپنے طالب علموں کو بلایا تھا۔

برسلز میں واقع نیلی میلبا پرائمری سکول کی سات سالہ طالبہ لینا جب سکول پہنچی تو ایک ٹیچر نے، جس نے سفید ماسک پہنا ہوا تھا، سکول کے احاطے میں داخل ہونے سے قبل اس کا درجہ حرارت چیک کیا۔ جب کہ دوسری ٹیچر نے اسے زمین پر لگائے گئے نشانات کے متعلق بتایا، جن کا مقصد سماجی فاصلہ قائم رکھنا ہے۔

لینا کی والدہ وانسا ڈیل کارپیو نے، جو اسپتال میں کام کرتی ہے، بتایا کہ میری بیٹی سکول جانے پر بہت خوش ہے، کیونکہ لمبے عرصے سے وہ اپنی دوستوں اور ٹیچر سے نہیں مل سکی تھی۔ بس مسئلہ یہ ہے کہ وہ اتنی چھوٹی ہے کہ اس سے ماسک پہنا نہیں جاتا۔ لیکن اس کی صحت ٹھیک ہے۔

اس کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ اگر بچے کی صحت اچھی ہے تو اسے سکول ضرور جانا چاہیئے۔

سکول کی ڈائریکٹر ریٹا جانسنز کا کہنا تھا کہ ان کے سکول میں بچوں کی تعداد 200 ہے۔ اور وہ ان کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے ٹیچرز کو ماسک کے ساتھ چہرے کے اوپر لگانے کے لیے شیشے جیسی شیٹ بھی دی ہے۔ ہم نے باقی جگہوں پر بھی پلاسٹک کی شیٹ وغیرہ لگا دی ہیں تاکہ حفاظتی فاصلہ قائم رہے۔ تمام کلاس رومز میں حفظان صحت کی چیزیں رکھ دی گئی ہیں تاکہ بچے صابن سے اپنے ہاتھ دھو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے سکول کے مرکزی دروازے پر ٹمپریچر چیک کرنے کا بندوبست کر دیا ہے تاکہ کوئی بیمار بچہ یا ٹیچر سکول کے اندر داخل نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پیر سے سکول پوری طرح کھل جائے گا۔

بیلجئم کا شہر برسلز یورپی یونین اور نیٹو کا ہیڈ کوارٹرز ہے۔ اس ملک میں کرونا وائرس کے ساڑھے 54 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ تقریباً 9 ہزار اموات ہوئی ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG