امریکہ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ، ہلاکتیں 90 ہزار کے قریب
امریکہ میں کرونا وائرس کے 15 لاکھ کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 90ہزار کے قریب ہلاکتوں کے ساتھ امریکہ وبا کا بڑا مرکز بن چکا ہے۔
ناقدین نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کرونا وائرس کی شروعات کے اہم دنوں میں اس بحران کی شدت کو نظر انداز کر دیا تھا۔
امریکہ کے محکمہ صحت حکام اس الزام کو مسترد کر چکے ہیں کہ حکومت نے اس سلسلے میں عوام کو مایوس کیا ہے۔
ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز کے سیکریٹری ایلکس آزار نے 'سی این این' کو بتایا کہ امریکہ میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا گیا تھا۔ اگر بروقت انتظامات نہ کیے گئے ہوتے تو صورت حال اور زیادہ خراب ہو سکتی تھی۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں واقعی بہت اچھا کام ہو رہا ہے اور یہ وائرس ختم ہو کر رہے گا۔
اوباما ایک نااہل صدر تھے: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق امریکی صدر براک اوباما کی طرف سے کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ سابق صدر اوباما ایک نااہل صدر تھے۔
سابق صدر اوباما نے ہفتے کے روز کالجوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا سے آن لائن خطاب کے دوران کہا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف مہم کی قیادت کرنے والے بہت سے افراد کی مہارت کا مکمل اور حتمی طور پر پردہ چاک ہو گیا ہے اور انہیں کچھ معلوم نہیں تھا کہ اس سلسلے میں کیا حکمت عملی اختیار کی جانی چاہیے۔
براک اوباما نے خطاب میں کسی شخص کا نام نہیں لیا تھا۔
جب اس پر صدر ٹرمپ سے ردعمل معلوم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سابق صدر اوباما ایک نااہل صدر تھے اور وہ ان کے بارے میں یہی کچھ کہہ سکتے ہیں۔
پاکستان کی افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت شروع
پاکستان اور افغانستان کے درمیان لگ بھگ دو ماہ بعد دو طرفہ تجارت بحال ہو گئی ہے۔
پیر سے طورخم اور چمن کی گزرگاہوں کے ذریعے سامان سے لدے درجنوں ٹرک اور ٹرالرز دونوں جانب سے اپنی اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔
اسی طرح پشاور سے لنڈی کوتل اور لنڈی کوتل سے میچنی چیک پوسٹ تک پھنسنے والی گاڑیاں بھی طورخم کی طرف روانہ ہو گئی ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا سلسلہ گزشتہ ماہ کے وسط میں روک دیا تھا۔
بعد ازاں افغان حکومت کی درخواست پر وزیرِ اعظم عمران خان نے محدود پیمانے پر پاکستان سے برآمدات، کراچی کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ اور سرحد پار افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کے لیے سامان رسد شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس فیصلے کے مطابق ہفتے میں تین دن طورخم اور چمن کی گزرگاہوں کے ذریعے صرف پاکستان سے برآمدات کی اجازت تھی جب کہ افغانستان سے ہر قسم کی درآمدات مکمل طور پر بند تھی۔
- By شمیم شاہد
خیبر پختونخوا: بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کے لیے ایس او پی جاری
خیبر پختونخوا حکومت نے بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کے لیے نیا ایس او پی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر بسوں پر جراثیم کش اسپرے کرنا لازمی ہو گا۔
نئی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو گاڑیوں کے پچھلے گیٹ سے داخل اور اگلے سے اترنا ہو گا جب کہ مسافروں کے بس اڈوں میں داخل ہوتے ہی درجہ حرارت تھرمل گن سے چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے بس ٹرمینلز کی صفائی اور انتظار گاہ میں سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے بس اڈوں میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن اور سینیٹیائزر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رش سے بچنے کے لیے اڈوں میں گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح مسافروں کو بھیڑ سے بچانے کے لیے اضافی اسٹاف بھرتی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈرائیور کے جسم کا درجہ حرارت اور ماسک و دستانے پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کو بھی ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
حکومتی ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں میں کولنگ سسٹم کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ مسافر گاڑیوں کے دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔