سپریم کورٹ کا ملک بھر میں شاپنگ مالز کھولنے کاحکم
پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے ہیں کہ مارکیٹیں بند کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور آج ملک کے تمام شاپنگ مالز اور بازار کھولنے کا حکم دیں گے۔
سپریم کورٹ میں پانچ رکنی لارجر بینچ کرونا وائرس پر از خود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روک دیا اور ریمارکس دیے کہ دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں۔ جو دکانیں سیل کی گئی ہیں انہیں بھی کھول دیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عید پر رش بڑھ جاتا ہے۔ ہفتے اور اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کرائی جائیں۔ بہت سے گھرانے صرف عید پر ہی نئے کپڑے پہنتے ہیں۔
سندھ میں ہفتے اور اتوار کو مارکیٹیں بند رکھنے پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہفتے اور اتوار کو مارکیٹیں بند رکھنے کا کیا جواز ہے؟ کرونا وائرس ہفتے اور اتوار کو کہیں چلا نہیں جاتا، کیا کرونا نے بتایا ہے کہ وہ ان دونوں دنوں نہیں آتا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عید پر مارکیٹیں ہفتے اور اتوار کو بند نہیں ہوں گی اور بڑے شاپنگ مالز کھولنے سے متعلق بھی آج ہی حکم جاری کریں گے۔
بھارت میں ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 96 ہزار 169 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت کے وزیرِ صحت نے پیر کو کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتِ حال بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں پانچ ہزار 242 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ایک روز کے دوران کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب حکومت نے لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے کے لیے گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس کا اطلاق 31 مئی تک رہے گا۔
بھارت میں لاک ڈاؤن میں بدستور نرمی کی جا رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے میں ریاستوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں کس قسم کی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اختیار دیتی ہیں۔
اس سے قبل مرکزی حکومت نے متاثرہ علاقوں کو مختلف رنگوں کے زون میں تقسیم کر دیا تھا۔
پاکستان میں ہلاکتیں 900 سے تجاوز کر گئیں
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 30 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 903 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1974 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وبا سے پاکستان میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 42 ہزار 125 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک تین لاکھ 87 ہزار 335 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 ہزار 925 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
- By محمد ثاقب
کرونا وائرس: پاکستان کی تعلیمی پالیسی کیا ہے؟
کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال میں پاکستان کی وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں رواں سال امتحانات کے بغیر طلبہ کو نئی کلاسز میں ترقی دینے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا تھا کہ قومی رابطہ کمیٹی برائے کرونا وائرس کے فیصلوں کے تحت ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔
نہم اور گیارویں جماعت کے طلبہ کو امتحانات کے بغیر اگلی کلاسز میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جو طلبہ گزشتہ امتحانات میں 40 فی صد مضامین میں فیل ہوئے تھے ان صرف پاسنگ مارکس دیتے ہوئے اگلی کلاس میں ترقی دی جائے گی جب کہ اگلے سال وہ اسی کلاس کا امتحان دیں گے جس میں انہیں ترقی دی گئی تھی۔
اس فیصلے کے مطابق 10ویں اور 12ویں جماعت کے وہ طلبہ جنہوں نے اپنی سابقہ کلاسز کے تمام مضامین میں کمیابی حاصل کی ہو۔ انہیں بھی اگلی کلاس میں ترقی دے دی جائے گی۔ ریکارڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے گزشتہ امتحانات میں حاصل شدہ نمبرز میں 3 فی صد نمبرز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔