- By سہیل انجم
بھارتی سپریم کورٹ کا مزدوروں کے خلاف مقدمات واپس لینے کا حکم
بھارت کی سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ دوسری ریاستوں میں جا کر کام کرنے والے یومیہ مزدوروں کی شناخت کی جائے اور 15 دن کے اندر انہیں ان کے گھروں کو بھیجا جائے۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر مزدوروں کے خلاف قائم کیے گئے مقدمات بھی واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے حکومت کو یہ بھی ہدایت کی کہ آبائی ریاستوں میں پہنچنے والے مزدوروں کی فہرستیں بنائی جائیں اور ان کے کاموں کا اندراج کیا جائے جب کہ لاک ڈاون کے بعد ان کے لیے فلاحی اسکیموں کا تعین کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ مزدوروں سے ٹرین یا بس کا کرایہ وصول نہ کیا جائے جب کہ ان کے کھانے پینے کا انتظام کیا جائے۔
دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث لاکھوں زندگیاں بچائی گئیں
ایک نئی تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے باعث کرونا وائرس سے لاکھوں زندگیاں بچائی گئی ہیں۔
لندن کے 'امپیرئل کالج' کی تیار کی گئی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن اور غیر ضروری کاروبار سمیت aسکول بند کرنے کے نتیجے میں ممکنہ طور پر 11 ممالک میں کم از کم 30 لاکھ جانیں بچائی گئی ہیں۔
رپورٹ میں ان ممالک میں آسٹریا، بیلجیم، برطانیہ، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، اٹلی، ناروے، اسپین، سوئیڈن اور سوٹزرلینڈ شامل کیے گئے ہیں۔
امریکہ میں کیے گئے ایک اور جائزے میں بتایا گیا ہے کہ چین، فرانس، ایران، اٹلی، جنوبی کوریا اور امریکہ میں لاک ڈاؤن کے ذریعے 53 کروڑ انسانوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔
تاہم عالمی ادارہ صحت نے پیر کے روز خبردار کیا ہے کہ اگرچہ یورپ میں صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم دنیا کے دیگر بہت سے حصوں میں کرونا وائرس کے اثرات سنگین ہو گئے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایک لاکھ 36 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 75 فی صد نئے کیسز کی تصدیق 10 ممالک میں ہوئی ہے جو زیادہ تر لاطینی امریکہ اور جنوبی ایشیا میں ہیں۔
- By محمد ثاقب
سندھ پولیس کے کُل 465 اہلکار کرونا سے متاثر
سندھ پولیس کے اب تک 465 افسران اور جوان کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ اہلکار ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے تمام اہلکاروں کا تعلق سندھ پولیس کی کراچی رینج سے بتایا جاتا ہے
ترجمان سندھ پولیس سہیل احمد جوکھیو نے وائس اف امریکہ کو بتایا ہے کہ متاثرہ اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے بھی کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 55 کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ اہلکاروں کے 584 ساتھی اہلکاروں یا دوستوں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے جن میں 51 کی کرونا وائرس رپورٹ مثبت آئی ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت مختلف اسپتالوں اور گھروں میں آئسولیٹ یا زیرِ علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 307 ہے جب کہ 150 افسران اور جوان صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جس میں سے 31 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کراچی سے تعلق رکھتے ہیں جہاں اس وبا سے 564 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
نیوزی لینڈ میں شاپنگ مالز، عوامی مقامات کھل گئے
نیوزی لینڈ میں لگ بھگ تین ماہ بعد سماجی دوری سمیت ہر قسم کی پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ تمام کاروباری مراکز کھل گئے اور عوام کو بھی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت ہے۔
نیوزی لینڈ میں صبح ہوتے ہی دکانیں کھلیں تو لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ پابندیاں ختم ہونے کے پہلے روز لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکلی اور اس دوران شاپنگ مالز، کیفیز، نائٹ کلب اور عوامی مقامات لوگوں سے بھر گئے۔
دارالحکومت ویلنگٹن میں شہری اسٹیو پرائس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑکوں پر کئی ماہ پر پہلی مرتبہ اتنے لوگوں کو دیکھ رہے ہیں۔ لوگ شاپنگ کر رہے ہیں، کھانا کھا رہے ہیں اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے واک کر رہے ہیں۔ یہ دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ اُن کا ملک کرونا وائرس سے پاک ہو چکا ہے اور ملک بھر میں عائد کردہ تمام پابندیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔