آئی ایم ایف کی تین ماہ کے لیے پاکستان کو قرضوں کی شرائط میں چھوٹ
کرونا وبا کے باعث پاکستانی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے پیشِ نظر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کو دیے گئے قرضوں کی شرائط نرم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستانی وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد بجلی اور گیس کے نرخوں میں فی الحال اضافہ نہ کرنے جب کہ رواں سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
آئی ایم ایف نے گزشتہ سال پاکستان کے لیے چھ ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔ لیکن اس کے لیے پاکستان کو اقتصادی اصلاحاتی پروگرام وضع کرنے کا پابند کیا گیا تھا۔
بلوچستان کی 70 فی صد آبادی کے کرونا سے متاثر ہونے کا خدشہ
طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بلوچستان میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو صوبے کی 70 فی صد آبادی کرونا وائرس سے متاثر ہو سکتی ہے۔
ملک بھر کی طرح پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بھی کرونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ تک صوبے میں رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ چکی تھی جب کہ مہلک وائرس سے اموات کی تعداد 62 ہو گئی ہے۔
ماہرین نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر وائرس کا پھیلاؤ نہ روکا گیا تو صوبے میں کرونا سے ہزاروں اموات ہو سکتی ہیں۔
'کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' بلوچستان کے تھنک ٹینک میں رضاکارانہ طور پر وائرس پر تحقیق کرنے والے سائنس دان ڈاکٹر وحید نور کے مطابق جون کے آخری ہفتے یا جولائی کے آغاز میں صوبے میں وبا اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے۔
سپریم کورٹ کے جج میں کرونا کی تشخیص، کئی اہم کیسز پر سماعت مؤخر
پاکستان میں کرونا وائرس کی وجہ سے عدالتی امور بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ میں ایک جج کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے کئی کیسز پر سماعت مؤخر کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی امین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
مذکورہ جج جن بینچز میں شامل تھے وہ ٹوٹ گئے ہیں اور اب یا تو بینچ دوبارہ تشکیل دیے جائیں گے یا پھر ان کے صحت یاب ہونے کا انتظار کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ میں منگل کو بہت سے اہم کیسز تھے جنہیں کرونا کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست پر سماعت ہونا تھی لیکن جسٹس قاضی امین کے نہ ہونے کی وجہ سے اس پر سماعت نہ ہو سکی تھی۔
گزشتہ روز انعام الرحیم ایڈووکیٹ اغوا کیس اور پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق کیسز تھے جو ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کام کیا اور مختلف کیسز کی سماعت بھی کی۔
- By سہیل انجم
بھارت میں ایک روز میں لگ بھگ 10 ہزار کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 9985 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 76 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت میں اس وبا سے اب تک سات ہزار 745 افراد کی موت ہوئی ہے لیکن اطمینان بخش بات یہ ہے کہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح بیمار ہونے والوں سے بڑھ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ 35 ہزار 206 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس طرح شفا یاب ہونے والوں کی شرح 48.99 تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ختم کرنے اور پابندیاں اٹھانے کے بعد سے شہریوں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے کرونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دارالحکومت دہلی میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جہاں 31 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 905 اموات ہو چکی ہیں۔