کرونا وائرس کے سبب جائیداد کی خرید و فرخت بھی متاثر
پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے جائیداد کی خرید و فروخت منافع بخش کاروبار سمجھا جا رہا تھا ۔ لیکن موجودہ معاشی بحران سے اس مستحکم صنعت کے قدم ڈگمگانے لگے ہیں۔ کرونا وائرس کے دنوں میں آن لائن اور روایتی طریقے سے ریئل سٹیٹ کا کاروبار کرنے والے کس طرح متاثر ہوئے ہیں؟ لاہور سے ثمن خان کی رپورٹ
بھارت میں 10 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10,667 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص اور 380 مریض چل بسے ہیں۔
اس طرح بھارت میں کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد تین لاکھ 43 ہزار 91 اور اموات کی تعداد نو ہزار 900 ہو گئی ہے۔
دہلی کے وزیرِ صحت ستیندر جین کو کرونا کی علامتیں پائی جانے کے بعد اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ اُنہیں تیز بخار ہے اور سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
دہلی میں کرونا کی صورت حال کافی سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی کی کمان سنبھال لی ہے۔ انہوں نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال، لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل اور سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد دہلی کے کئی اسپتالوں کا دورہ کیا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی منگل اور بدھ کو مسلسل دو روز وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس اور ملک میں کرونا کی بگڑتی صورت حال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
'کرونا کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہوا تو ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا'
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اور سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مشروط کر دیا ہے۔
محمد حفیظ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ رواں برس نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد وہ محدود طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے تاہم اب انہوں نے اپنے اس فیصلے میں تبدیلی کر دی ہے۔
مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا ہے کہ اگر کرونا وائرس کی وجہ سے رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ ہوا تو وہ اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو آگے لے جائیں گے۔
پاکستان: ایک روز میں 111 اموات
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 111 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ ایک روز کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2839 تک پہنچ گئی ہے جب کہ ملک بھر میں اس وبا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 920 ہے جن میں سے 56 ہزار 390 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 25 ہزار سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں اب تک نو لاکھ 22 ہزار 665 افراد کے کرونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔