نیوزی لینڈ میں رواں ہفتے تیسرا کیس رپورٹ
نیوزی لینڈ میں جمعرات کو ایک اور کرونا کیس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں ہفتے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی حکومت نے بیرون ممالک سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی حکومت نے چند روز قبل ملک میں کرونا وائرس کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن رواں ہفتے ملک میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملک میں مقامی سطح پر وائرس کی منتقلی نہیں ہو رہی۔
حکام کے مطابق جمعرات کو جس شخص کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ پاکستان سے نیوزی لینڈ پہنچا تھا۔ اس سے قبل برطانیہ سے آنے والی دو خواتین کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
'امریکی جیلوں میں کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے'
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکہ کی 21 ریاستوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 21 میں کمی جب کہ آٹھ ریاستوں میں صورتِ حال مستحکم ہے۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق، اب امریکہ میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد نرسنگ ہومز اور گوشت کی پیکنگ کے مراکز نہیں بلکہ وہ مراکز ہیں جہاں قید اور اصلاح کی غرض سے لوگوں کو بند رکھا جاتا ہے۔
اخبار کے مطابق اس تعداد میں اضافے کی ایک وجہ امریکی پولیس کے ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کے خلاف امریکہ بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے گرفتار کئے جانے والے لوگوں کو مقامی جیلوں کے ضرورت سے زیادہ بھرے سیلز میں لایا جانا بھی ہے۔
جرمنی میں کرونا وائرس کی ایک اور ممکنہ ویکسین تیار
جرمنی کی ایک غیر معروف بایوٹیکنالوجی فرم 'کیورویک' نے کرونا وائرس کی ممکنہ ویکسین تیار کرلی ہے اور وہ جلد انسانوں پر اس کی آزمائش کا آغاز کرے گی۔ بایو این ٹیک کے بعد وہ جرمنی کی دوسری کمپنی ہے جو ویکسین کے تجربات کرے گی۔
پہلے تجربے میں جرمنی اور بیلجیئم میں 168 افراد کو شامل کیا جائے گا جن میں 144 کو ویکسین لگائی جائے گی جب کہ 24 کو لاعلم رکھتے ہوئے بے اثر دوا دی جائے گی۔
امکان ہے کہ ستمبر یا اکتوبر تک اولین معنی خیز نتائج حاصل ہو جائیں گے۔ کمپنی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو فرانز ویرنر ہاس نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر مثبت حالات رہے تو آئندہ سال کے وسط تک ویکسین کی منظوری مل جائے گی۔
جرمنی میں ویکسین کی منظوری دینے والے ادارے، دا پال اہرلچ انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ اگر نتائج بہت اچھے ثابت ہوئے تو ویکسین کی منظوری آئندہ سال کے آغاز میں بھی دی جاسکتی ہے۔
پاکستان میں مزید 118 افراد کی اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 118 مریض چل بسے جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 3093 تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں مزید 5358 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 433 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 59 ہزار 215 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔