رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

16:22 18.6.2020

افغانستان میں کرونا کے مزید 658 کیس رپورٹ

افغانستان میں کرونا وائرس کے مزید 658 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 27532 ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے اب تک افغانستان میں 546 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

افغان وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے رپورٹ ہونے والے کیسز میں 11339 کابل جب کہ صوبہ ہرات میں 4304 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 7660 مریض وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

15:46 18.6.2020

پاکستان نے تفتان سرحد تجارت کے لیے کھول دی

حکومتِ پاکستان نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بند کی گئی ایران سے متصل تفتان سرحد سات روز کے لیے کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

یہ سرحد 22 فروری کو ایران میں کرونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث بند کی گئی تھی۔

جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن میں حکام کا کہنا ہے سرحد پر کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہو گا۔

سرحد بند ہونے سے پاکستانی تاجروں کو مشکلات کا سامنا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت عملاً بند ہو کر رہ گئی تھی۔

کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ سرحد کی بندش سے ایران کو برآمد کیے جانے والے آموں کی کھیپ بھی خراب ہو گئی تھی۔

تفتان کے ایک مقامی تاجر حاجی ضیاء الرحمان نے وفاقی حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستانی تجارت کو فروغ ملے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب پاکستان سے آم اور چاول کی برآمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

14:49 18.6.2020

73 ملکوں سے 82462 پاکستانیوں کو واپس لایا جا چکا ہے: دفترِ خارجہ

پاکستان کے دفترِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ اب تک دنیا کے 73 ممالک سے 82,462 پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے جو کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد پھنس کر رہ گئے تھے۔

عائشہ فاروقی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ اب تک وطن واپس لائے جانے والے پاکستانی شہریوں میں سے تقریباً 11 ہزار وہ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہیں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وطن واپس لا یا گیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ 7001 کو دبئی، 2,700 کو سعودی عرب، 439 کو کرغزستان، 253 کو بغداد (عراق)، 250 کو ٹورنٹو (کینیڈا)، 119 کو عمان (اردن )، 111 کو ماریشیس جبکہ 70 کو ناروے سے واپس لایا گیا ہے۔

13:52 18.6.2020

پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن

حکومتِ پنجاب نے کرونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن شہر کی چھ تحصیلوں کے مخصوص علاقوں میں کیا گیا ہے جن میں سٹی فیصل آباد، صدر فیصل آباد، سمندری، تاندلیانوالہ، چک جھمرہ اور جڑانوالہ کے علاقے شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق تحصیل سٹی میں گھنٹہ گھر کے آٹھ بازار، اس کے نواحی علاقے، رہائشی اور کاروباری علاقے بند رہیں گے۔

اِس سلسلے میں محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ علاقے 30 جون تک بند رہیں گے۔

سیکرٹری صحت پنجاب محمد عثمان یونس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق سیل کیے گئے تمام علاقوں میں اشیائے خورو نوش کی دکانیں، کریانہ دکانیں، تندور، پھل اور سبزی کی دکانیں صبح نو بجے سے شام سات بجے تک کھلی رہیں گی۔

اِن علاقوں میں دودھ، دہی اور گوشت کی دکانیں صبح سات بجے سے شام سات بجے تک کھلی رہنگی جبکہ پیٹرول پمپس اور میڈیکل اسٹورز ہفتے کے سات دن 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ سرکاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیل کیے گئے تمام علاقوں میں کسی بھی قسم کی نقل و حرکت اور میل جول پر پابندی ہو گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG