پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد دو لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4072 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ دو ہزار 955 ہو گئی ہے۔
فرورری کے آخر میں پاکستان میں وائرس سے متاثر افراد کے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے دو ہفتے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شہریوں کی جانب سے حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو جولائی کے آخر تک پاکستان میں کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے پاکستان میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستان میں وبا کی بلند سطح پا پیک ٹائم جولائی کے وسط تک آئے گا۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ متاثر افراد سندھ میں 78 ہزار ہیں جب کہ پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 74 ہزار ہے۔ حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں 25ہزار، اسلام آباد میں 12ہزار، بلوچستان میں 10ہزار، گلگت بلتستان میں 1400 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک ہزار افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی ہے جب کہ وبا سے گزشتہ سات ماہ میں چار لاکھ 89 ہزارافراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ تعداد سالانہ ریکارڈ کی جانے والی وبائی زکام جیسی بیماریوں سے کے برابر ہے۔
رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ ایک کروڑ متاثرہ افراد میں سے 25 فی صد امریکہ جب کہ 25 فی صد شمالی و لاطینی امریکہ اور 25 فی صد یورپ میں ہیں جب کہ متاثرہ افراد میں سے ایشیا میں 11 فی صد اور مشرق وسطیٰ میں 9 فی صد افراد ہیں۔
کرونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جب کہ وبائی زکام سے بھی سالانہ اندازاََ اتنے ہی افراد ہلاک ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وبائی مرض اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ بھارت اور برازیل میں یومیہ 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں جس کے سبب طبی شعبے پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
چین، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر وائرس کی مقامی طور پر منتقلی کو روکنے کے باوجود نئے کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔
دوسری جانب چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہر روز کرونا وائرس کے 3 لاکھ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلانا شروع ہوا تھا جس کے بعد شروع میں چین میں متاثرہ شہر اور صوبے میں لاک ڈاؤن کیا گیا جب کہ رواں برس مارچ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور بندشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
کرونا سے سندھ میں مزید 38 اموات، 24 گھنٹوں میں 1949 نئے کیسز
پاکستان کے صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1949 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سندھ میں وبا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1243 ہو گئی ہے۔
حکومت سندھ کا کہنا ہے جمعے کو ہونے والے 11901 ٹیسٹس میں مثبت آنے والے نتائج کی شرح 22 فی صد رہی۔ پورے صوبے میں مجموعی طور پر اب تک 4 لاکھ 26ہزار 149 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جس میں سے 78ہزار 267 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
ان میں سے 55.5 فی صد یعنی 43 ہزار 444 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحت یاب ہونے والے 1452 افراد بھی شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کے اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں اموات کی شرح 1.5 فی صد ہے۔ اس وقت 33580 مریض زیرِ علاج ہیں ان میں سے 32127 گھروں میں، 78 قرنطینہ مراکز میں اور 1375 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
صوبائی حکام کے مطابق 696 ایسے مریض بھی ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے جن میں 116 افراد کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔
سندھ کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ صوبے میں کرونا کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے برعکس صوبے مین کیسز تیز رفتار شرح کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔
عذرا فضل پیچوہو نے بتایا کہ تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ کرونا کی موجودہ لہر نہ صرف جاری رہے گی بلکہ اکتوبر میں اس میں مزید تیزی دیکھی جاسکتی ہے۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں ان کہنا ہے کہ صوبے میں کیے جانے والے کل ٹیسٹس میں سے مثبت کیسز کی شرح 20 سے 22 فی صد تک ہے جو کافی بلند شرح ہے۔ انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ آئندہ چند ماہ تک کرونا کیسز کی تعداد بڑھتی ہی جائے گی۔
حکام کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع سے 1949 نئے کیسز میں سے 1139 مثبت کیسز کا پتا چلا ہے۔ حیدرآباد میں 99، گھوٹکی 93، خیرپور 68، سکھر 54، شکار پور 46، شہید بینظیرآباد 45، سانگھڑ 32، میرپورخاص 27، لاڑکانہ 25، جامشورو 17، نوشہرو فیروز 16، دادو 15، بدین 12، کشمور 9، عمرکوٹ 7، سجاول 6، ٹنڈو الہ یار اور جیکب آباد 3-3، ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری میں 2-2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔