بھارت میں مزید 20ہزار افراد وائرس سے متاثر
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 19906 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام نے وبا سے مزید 410 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16095 ہو گئی ہے۔ جب کہ کل مثبت کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 28 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد متاثرین سے زیادہ ہے۔
وزارت صحت کے مطابق بھارت میں فعال کیسز کی تعداد جہاں دو لاکھ ہے جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ ہو گئی ہے۔
حکومت وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 58 فی صد سے زیادہ ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے۔
کرونا وائرس پر قابو پانے والے ممالک میں نئے کیسز
وائرس پر بظاہر قابو پانے والے ممالک میں دوبارہ کیسز سامنے آنے پر نئے خدشات جنم لے رہے ہیں۔ سائنس دان معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وائرس دوسرے ممالک سے مسافروں کے ذریعے آیا یا اس کے پھیلاؤ کا ذریعہ مرض کی علامات نہ رکھنے والے مقامی افراد ہیں۔
لاہور کے شہری سمارٹ لاک ڈاؤن سے ناخوش
پاکستان کے 20 سے زائد شہروں کے مختلف علاقے اس وقت کرونا وائرس کے باعث بند ہیں۔ ان علاقوں کے رہائشی حکومت کی اس مشق سے خوش نہیں۔ لوگوں کو ان کے علاقوں تک محدود رکھنا پولیس اور انتظامیہ کے لیے بھی آسان نہیں ہے۔ لاہور سے ضیا الرحمٰن کی رپورٹ
پاکستان میں مزید 83 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 83 افراد کی موت ہوئی ہے۔
ملک بھر میں وبا سے اب تک 4118 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام نے سب سے زیادہ 1673 افراد کے پنجاب میں ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سندھ میں وائرس سے 1243 افراد کی موت ہوئی ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں 914، اسلام میں 122، بلوچستان میں 114، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 28 اور گلگت بلتستان میں 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔