پاکستان سے متحدہ عرب امارات آنے والی پروازوں پر پابندی
متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے آنے والی ہر قسم کی پرواز پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر لگائی گئی ہے تاکہ متحدہ عرب امارات آنے والے افراد کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیصلے سے متاثر ہونے والے مسافر اپنی ایئر لائنز سے متبادل فلائٹس کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
چین میں مزید 12 افراد میں وائرس کی تشخیص
چین میں مزید 12 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دارالحکومت بیجنگ میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسے وبا کی دوسری لہر قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق اتوار کی شام تک سامنے آنے والے مصدقہ کیسز میں سے پانچ وہ ہیں جو حال ہی میں بیرونِ ملک سے چین آئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر پھیلنے والے سات کیسز دارالحکومت بیجنگ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ گیارہ جون کے بعد سے اب بیجنگ میں مجموعی طور پر 311 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
بیجنگ کے قریبی علاقوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دارالحکومت سے 100 میل دور واقع اینسن کاؤنٹی نے بعض رہائی عمارتوں اور دیہات کو سیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں مزید 49 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 49 مریض چل بسے جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 4167 تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں وائرس کے شکار 2437 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں کرونا ٹیسٹ کی تعداد بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے اور اس طرح نئے کیسز کی تعداد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ملک بھر میں اب تک دو لاکھ چھ ہزار 510 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جن میں سے 95 ہزار 407 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں ہلاکتیں پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئیں
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اس وبا سے ایک کروڑ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
صحت کے عالمی ادارے کے سربراہ ٹیڈراس ایڈہانم گیبریسس نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ یہ ایک سنجیدہ پیغام ہے کہ اگرچہ ہم ویکسین کی تیاری اور علاج میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ بدستور دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ اور اموات سوا لاکھ سے بڑھ چکی ہیں۔
برازیل میں مریضوں کی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ امریکہ کے بعد وہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ دوسرا متاثرہ ملک ہے۔
جنوبی ایشیا میں بھارت اور پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے بھارت اس وقت عالمی فہرست میں چوتھے درجے پر ہے جب کہ پاکستان بارہواں متاثرہ ملک بن گیا ہے۔