کرونا ایکسپورٹ کرنے کا تاثر درست نہیں: معید یوسف
وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان دنیا میں کرونا ایکسپورٹ کر رہا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بغیر ٹیسٹ کرائے پاکستانی شہری بیرونِ ملک سفر نہ کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان سے باہر جانے والے مسافروں کی اسکریننگ بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ پوری کوشش ہے کہ پاکستان سے کوئی بھی کرونا کا مریض باہر نہ جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ تین ماہ کے دوران کرونا سے بچاؤ کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔
معید یوسف نے کہا کہ خلیجی ممالک کے لیے پی آئی اے کی پروازیں جاری رہیں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ کرونا وبا ختم نہیں ہوئی لہذٰا صرف وہی لوگ بیرون ملک سفر کریں جنہیں سفر کی ضرورت ہے۔ سیرو تفریح کے لیے سفر سے گریز کیا جائے۔
بھارت میں کیسز کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثروں افراد کی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وبا سے بھارت میں اب تک 17 ہزار 934 مریض ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں مزید 19 ہزار 148 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد چھ لاکھ چار ہزار 641 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں وبا سے متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا گیا ہے تاہم پیر سے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے 'بلاک ٹو' کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت مزید کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔
امریکہ میں ریکارڈ 52 ہزار کیسز رپورٹ
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے 52 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وبا کے آغاز سے اب تک امریکہ میں متاثرہ مریضوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
آدھے سے زیادہ نئے کیسز ریاست ایریزونا، کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ مذکورہ ریاستوں کو وبا کا نیا مرکز بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکہ میں اس وبا سے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار 62 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 26 لاکھ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوئے تھے جن میں سے لاکھوں صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو یومیہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
پاکستان میں اب بھی 2723 مریضوں کی حالت تشویش ناک
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 78 مریض دم توڑ گئے ہیں اور 2723 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اس وبا سے اب تک 4473 افراد ہلاک اور دو لاکھ 17 ہزار 809 متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایک لاکھ چار ہزار 694 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔