افغانستان میں کرونا کے 17 ہزار سے زائد مریض صحت یاب
افغانستان کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 302 نئے کیسز کے ساتھ ملک میں کرونا مریضوں کی کل تعداد 32 ہزار 324 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ کرونا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 819 ہو گئی ہے جبکہ 17 ہزار 300 سے زائد مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اسی دوران افغان صدر اشرف غنی نے انسپکٹر جنرل کے دفتر کو حکم دیا ہے کہ وہ 'کووڈ 19' کے لیے عطیہ کیے گئے فنڈز کے غلط استعمال کے بارے میں چھان بین کریں کیوں کہ یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ سرکاری اہلکاروں نے امدادی فنڈز کا غلط استعمال کیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں 27 ہزار سے زائد کل مریض، 14 ہزار صحت یاب
پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 232 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی کل تعداد 27 ہزار 170 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 10 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کرونا سے اموات کی تعداد 983 ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 715 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک دن میں 10 ہزار نئے کیسز رپورٹ
امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ایک دن میں کرونا وائرس کے 10 ہزار نئے کیسز پہلی بار رپورٹ کیے گئے ہیں۔
کرونا وائرس کے سبب فلوریڈا میں ایک ہفتے کے دوران ایک دن میں دوسری بار 67 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
رواں سال مئی کے مہینے میں ریاست فلوریڈا میں روزانہ اوسطاً 60 افراد ہلاک ہو رہے تھے۔ یہ تعداد جون میں کم ہو کر 30 ہو گئی تھی لیکن اب اس میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے۔
برازیل میں کرونا سے اموات 60 ہزار سے متجاوز
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کرونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
برازیل میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران اس مہلک وبا کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس کی وجہ سے برازیل میں سب سے زیادہ اموات ریاست ساؤ پاؤلو میں رپورٹ کی گئیں جہاں 14 ہزار 700 افراد اس وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ ریو ڈی جنیریو میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔