وبا کے بحران میں کام کرنے والے تھیٹرز
امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا قابو میں نہیں آ رہی۔ ان حالات میں تھیٹر کے پروڈیوسرز اداکاروں کو کام فراہم کرنے اور قدر دانوں سے رابطے میں رہنے کے نئے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں۔ ان تھیٹرز نے کیسے کرونا وائرس کا سامنا کر کے اپنے کام کو جاری رکھا؟ دیکھیے اس رپورٹ میں
گھانا: قریبی ساتھی کا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر قرنطینہ میں چلے گئے
افریقہ کے ملک گھانا کے صدر نانا اکوفو اڈو اپنے ایک قریبی ساتھی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر 14 دن کے لیے قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے ہفتے کو رات ایک بیان میں کہا گیا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ اگرچہ منفی آیا ہے لیکن وہ احتیاطی تدبیر کے طور پر قرنطینہ ہوگئے ہیں۔
بیان کے مطابق صدر نانا اکوفو اڈو تنہائی میں رہنے کے باوجود کووڈ 19 کے حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ صدارتی امور انجام دیتے رہیں گے۔
بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ ان کے جس قریبی ساتھی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ ان کے عملے کا رکن ہے یا وہ ان کے اہل خانہ میں سے کوئی ہے۔
گھانا میں کرونا وائرس کے اب تک 19 ہزار 388 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ حکام نے 117 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
یورپ کی سرحدیں کھل گئیں لیکن امریکیوں پر پابندی
یورپ میں وبا کا زور کم ہونے کے بعد یورپی یونین نے اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ 14 ملکوں کو محفوظ قرار دیتے ہوئے ان کے شہریوں کو یورپ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے لیکن امریکہ کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔
جرمنی میں کیسز کی تعداد دو لاکھ تک پہنچ گئی، 58 لاکھ افراد کے ٹیسٹ
جرمنی میں کرونا وائرس کے تصدیق کے لیے تیزی سے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اب تک 58 لاکھ 73 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 239 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک میں کرونا وائرس کےمتاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 335 تک پہنچ چکی ہے۔
جرمنی کے ادارے رابرٹ کوچ انسٹیٹیوٹ کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جرمنی میں وبائی مرض سے اب تک 9012 اموات ہوچکی ہیں۔