سمندر پر لاک ڈاؤن، لاکھوں افراد بہتی ہوئی جیلوں میں قید
کرونا وائرس کی وجہ سے مختلف ملکوں میں لاک ڈاؤن سے سب واقف ہیں لیکن ان لاکھوں افراد کے بارے میں بہت سے لوگ نہیں جانتے جو کئی مہینوں سے سمندر پر لاک ڈاؤن میں پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں بہتی ہوئی ان جیلوں سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں مل رہا۔
یہ وہ لوگ ہیں جو اشیا کی نقل و حمل کرنے والے بحری جہازوں پر موجود ہیں۔ یہ جہاز ایک سے دوسری جگہ سامان پہنچارہے ہیں، لیکن عملے کو بندرگاہ پر اترنے اور گھر جانے کی اجازت نہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ خوراک، تیل اور دواؤں سمیت دنیا بھر میں اشیا کی 80 فیصد تجارت بحری جہازوں کے ذریعے ہوتی ہے۔
پاکستان میں مزید 83 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 83 مریض دم توڑ گئے ہیں اور ملک بھر میں 2980 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 4922 ہے اور اب تک دو لاکھ 37 ہزار 485 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ایک لاکھ 40 ہزار 965 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان میں 2236 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
کرونا وائرس: پابندیوں کے باعث شادیاں ملتوی ہونے پر خواتین کا احتجاج
اٹلی میں خواتین کے ایک گروپ نے کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کی وجہ سے شادیاں ملتوی ہونے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کی رپورٹ کے مطابق احتجاج میں شریک خواتین دلہنوں کی طرح تیار ہوئی تھیں۔
ان خواتین نے سفید لباس پہنے ہوئے تھے جو عمومی طور پر شادی کے موقع پر گرجا گھر جاتے ہوئے دلہنیں پہنتی ہیں۔
احتجاج میں شریک خواتین نے اٹلی کے دارالحکومت میں متعدد مقامات پر احتجاج کیا۔ انہوں نے ہاتھوں میں کتبے بھی تھامے ہوئے تھے جن پر وائرس کے باعث بڑے اجتماعات پر پابندی کے خلاف جملے لکھے ہوئے تھے۔
'سی این این' کے مطابق احتجاج اور مظاہرے کا اہتمام اٹلی میں شادیاں کرانے والے مختلف اداروں 'اٹالین ویڈنگ ایسوسی ایشن' نے کیا تھا۔
افغانستان میں کرونا کے 194 نئے کیسز، اموات 920 ہو گئیں
افغانستان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 'کووڈ 19' کے 194 نئے کیسز کی اطلاع دی ہے اور اب ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 33 ہزار 384 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا سے اب تک 920 اموات ہوئی ہیں اور ان میں 26 ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے فلاحی رابطہ کار ادارے نے بتایا ہے کہ تین کروڑ 76 لاکھ کی آبادی والے ملک میں اب تک صرف 76 ہزار 910 افراد کا کرونا ٹیسٹ ہوا ہے۔