بولیویا کی قائم مقام صدر کرونا وائرس میں مبتلا
بولیویا کی قائم مقام صدر ینینا اینیز بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ گزشتہ چند روز میں لاطینی امریکہ کے دو ملکوں کے سربراہ کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
ینینیا اینیز نے اپنے ٹوئٹر اکاوئنٹ پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بہتر محسوس کر رہی ہیں اور میں آئسولیشن میں رہتے ہوئے بھی کام جاری رکھوں گی۔
خیال رہے کہ بولیویا میں اب تک 'کووڈ 19' کے 43 ہزار کے قریب مریض رپورٹ ہو چکے ہیں اور 1500 سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں۔
اس سے قبل لاطینی امریکہ کے ملک برازیل کے صدر جائر بولسونارو کا کرونا ٹیسٹ بھی رواں ہفتے مثبت آیا تھا۔
پلازمہ ڈونرز کو کرونا کے مریضوں سے ملانے والی ویب سائٹ
پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی پلازمہ تھیراپی شروع ہونے کے بعد پلازمہ کی ناجائز خرید و فروخت کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ اسی صورتِ حال کے پیشِ نظر لاہور کے کچھ نوجوانوں نے ایک ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ پلازمہ کی فروخت کا معاملہ کیا ہے اور ویب سائٹ اسے روکنے میں کیسے معاون ہے؟ دیکھیے اس ڈیجیٹل رپورٹ میں
مراکش میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوششیں
میکسیکو میں کرونا کے ریکارڈ یومیہ کیسز
امریکہ کے پڑوسی ملک میکسیکو میں جمعرات کو کرونا وائرس کے سات ہزار 280 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ملک میں وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
میکسیکو میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 82 ہزار 283 ہو گئی ہے۔ جمعرات کو کرونا سے مزید 730 اموات کے بعد میکسیکو میں کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار 526 تک جا پہنچی ہے۔
خیال رہے کہ میکسیکو میں بدھ کو بھی ریکارڈ یومیہ کیسز رپوررٹ ہوئے تھے جو چھ ہزار 995 تھے لیکن جمعرات کو کیسز کی نئی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہے۔