روس میں کرونا کیسز ساڑھے سات لاکھ سے متجاوز
روس میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جمعرات کو روس میں مزید چھ ہزار 428 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد سات لاکھ 52 ہزار 797 تک پہنچ گئی ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود روس میں کرونا سے 11 ہزار 937 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
لاہور کی مویشی منڈیوں میں حفاظتی اقدامات کا فقدان
بھارت میں کرونا کے نئے ریکارڈز
بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل تیزی آ رہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے ریکارڈز بن رہے ہیں۔ کرونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود بھارت میں جمعرات کو ریکارڈ اموات، کیسز اور ٹیسٹ رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 32 ہزار 695 نئے مریض سامنے آئے ہیں جو اب تک ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں ایک دن میں ریکارڈ 606 اموات بھی ہوئی ہیں۔
کرونا وائرس کے مریضوں کی تلاش کے لیے کی جانے والی ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھی بھارت میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ بدھ کو بھارت میں تین لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کے سیمپلز لیے گئے ہیں جو بھارت میں ایک دن میں کیے جانے والے ٹیسٹس کی ریکارڈ تعداد ہے۔
سب لوگ ماسک پہنیں تو وبا تھم جائے گی، ڈاکٹر ریڈفیلڈ
امریکہ کے سینٹرز فور ڈیزز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سربراہ ڈاکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ نے کہا ہے کہ سب لوگ ماسک پہنیں تو چند ہفتوں میں کرونا وائرس کی وبا تھم جائے گی۔
تعلیمی اداروں کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ کھول دینا چاہیے۔ وائرس صورت بدل رہا ہے۔ لیکن ایک بار ویکسین بن گئی تو اسے نہیں بدلنا پڑے گا، البتہ بار بار لگوانی پڑ سکتی ہے۔
سی ڈی سی کے ڈائریکٹر نے ان خیالات کا اظہار وائس آف امریکہ کی خصوصی نمائندہ گریٹا وین سسٹیرن کو ٹی وی انٹرویو میں کیا۔
ڈاکٹر ریڈفیلڈ نے کہا کہ وبا امریکہ کو پانچ سے سات ہزار ارب ڈالر کا نقصان پہنچائے گی، جبکہ امریکہ میں صحت کے شعبے کے لیے اتنی رقوم مختص نہیں کی جاتیں جتنی ضرورت ہے۔ صحت عامہ کے شعبے پر توجہ دی جانی چاہیے اور اس میں زیادہ سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔