افغانستان میں کرونا کیسز 36 ہزار کے قریب، 1211 اموات
افغانستان کی وزارتِ صحت نے رپوررٹ کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد35 ہزار 928 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 201 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وائرس سے اب تک ہونے والی اموات کی کل تعداد 1211 ہے۔
وزارتِ صحت کے نگران وزیر ڈاکٹر احمد جواد نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ افغانستان میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کرونا کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لوگوں نے عیدالفطر کے موقع پر کی گئی غلطیوں کو دہرایا تو ملک میں 'کووڈ 19' کے کیسز کی تعداد پھر بڑھ جائے گی۔
افغانستان میں کرونا کے کیسز دارالحکومت کابل میں سب سے زیادہ ہیں جس کے بعد ہرات، بلخ، ننگرہار اور قندہار کا نمبر ہے۔
امریکہ میں 2600 کیسز فی گھنٹہ کے حساب سے کرونا کے مریضوں میں اضافہ
امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 40 لاکھ کے قریب ہو گئی ہے جب کہ ملک میں کرونا کے نئے مریضوں کی تعداد اوسطاً 2600 کیسز فی گھنٹہ کے حساب سے بڑھ رہی ہے۔ یہ دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی سب سے بلند شرح ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آنے کے 98 روز بعد تعداد 10 لاکھ تک پہنچی تھی۔ کرونا کے کیسز 20 لاکھ تک پہنچنے میں 43 روز مزید لگے جب کہ اس کے اگلے 27 دن بعد تعداد 30 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
کرونا کے آخری 10 لاکھ کے قریب کیسز صرف 16 روز میں سامنے آئے ہیں۔
روس میں کرونا کیسز آٹھ لاکھ کے قریب
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار 848 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد سات لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
روس کرونا سے متاثرہ ملکوں میں بالترتیب امریکہ، برازیل اور بھارت کے بعد چوتھے نمبر پر ہے جہاں اب تک 12 ہزار سے زائد افراد اس وبا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس میں کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہے۔
امریکہ میں مزید 1100 سے زائد افراد ہلاک
امریکہ میں بدھ کو کرونا وائرس سے مزید 1100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جون کے اوائل کے بعد سے یہ دوسرا موقع ہے کہ ایک روز کے دوران کرونا وائرس سے 1000 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
ریاست الاباما، کیلی فوریا، نیواڈا اور ٹیکساس میں بھی ایک دن کے دوران ہونے والی اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بدھ کو سب سے زیادہ 197 اموات ریاست ٹیکساس میں ہوئیں جب کہ کیلی فورنیا میں 159، فلوریڈا میں 140 اور اوہائیو میں 106 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور لگ بھگ 40 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔