پاکستانی بزرگ جنہوں نے 103 سال کی عمر میں کرونا کو شکست دی
پاکستان کے علاقے چترال سے تعلق رکھنے والے 103 سالہ بزرگ کرونا وائرس کو شکست دے کر وائرس سے صحت یاب ہونے والے معمر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق چترال کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 103 سالہ عزیز عبدالعلیم میں رواں ماہ کے آغاز میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، لیکن اُنہیں گزشتہ ہفتے صحت یاب ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز اور عزیز کے عزیز و اقارب صحتِ عامہ کی سہولیات کے فقدان کے باوجود اُن کی صحت یابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
عزیز کے بیٹے سہیل احمد نے 'رائٹرز' کو ٹیلی فون پر بتایا کہ "والد کی زیادہ عمر کے باعث اُنہیں بہت تشویش تھی، لیکن والد صاحب کو کوئی فکر نہیں تھی اور وہ پرعزم تھے۔"
سہیل کے بقول وائرس کی تشخیص پر اُن کے والد نے کہا کہ اُنہوں نے زندگی میں بہت سی مشکلات جھیلی ہیں، لہذٰا اس وائرس سے وہ بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔
عزیز 1970 کی دہائی تک لکڑی کے کام سے وابستہ تھے۔ سہیل کے بقول اُن کی والد کی تین بیویاں انتقال کر چکی ہیں جن میں سے اُن کے نو بیٹے اور بیٹیاں تھیں جب کہ اُنہوں نے چوتھی بیوی کو چھوڑ دیا جب کہ اب وہ اپنی پانچویں بیوی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
جاپان میں آن لائن جادوگر
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے مزید 113 کیس رپورٹ
جنوبی کوریا میں ہفتے کو کرونا وائرس کے 113 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کوریا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کا کہنا ہے کہ مارج کے بعد ایک دن میں ہونے والا یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔
نئے کیسز کے اضافے کے ساتھ ہی ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 14 ہزار 92 ہوگئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 86 کیسز بیرون ملک سے منتقل ہوئے جب کہ 27 کیسز مقامی طور پر ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوئے۔
چین میں کرونا وائرس کے 34 نئے کیس
چین میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران ہفتے کو مزید 34 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 20 کا تعلق صوبہ سنکیانگ سے ہے۔ ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں ایک روز قبل بھی 21 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ایک بیان کے مطابق نئے انفیکشن کیسز میں سے 20 کا تعلق صوبہ سنکیانگ کے انتہائی مغربی علاقے سے ہے۔ نو افراد کا تعلق شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ سے ہے۔
چین کے ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اب تک 83 ہزار 789 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ اس مرض سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چار ہزار 634 ہو چکی ہے۔