ممبئی کی کچی آبادیوں میں نصف سے زیادہ لوگ وبا کا شکار
بھارت کے شہر ممبئی کی وسیع و عریض کچی آبادیوں میں بسنے والے نصف سے زیادہ لوگ کرونا وائرس سے متاثرہ ہیں۔
اس بات کا انکشاف ممبئی میونسپلٹی، حکومت کے تھنک ٹینک نیتی آیوگ اور ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ کی جانب سے مشترکہ طور پر کیے گئے ایک حالیہ سروے میں کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار اور ماہرِ صحت نے بدھ کو اس سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف مواقعوں پر کچی بستیوں میں رہنے والے 700 افراد کا اینٹی باڈیز ٹیسٹ کرایا گیا تھا جن میں سے 57 فی صد افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ممبئی بھارت کا نہایت گنجان آباد شہر ہے جس کی آبادی دو کروڑ سے زیادہ ہے۔ اگر صورتِ حال یہی رہی تو شہر کی بیشتر آبادی اس کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔
آسٹریلیا: ریاست وکٹوریہ میں ماسک پہننا لازم قرار
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں جمعرات کو 723 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے کیسز کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاست کے ہر شہری کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
ریاست وکٹوریہ میں کرونا کیسز کی تعداد نو ہزار 998 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اس وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 105 ہو گئی ہے۔
برازیل: کووڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد 90 ہزار سے متجاوز
برازیل میں بدھ کو کوڈ 19 سے مرنے والوں کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 69 ہزار 74 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مزید 1595 افراد اس مرض کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔
نئے کیسز اور اموات کی تعداد کے بعد اب تک کووڈ سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 25 لاکھ اور اموات کی کل تعداد 90 ہزار 134 ہو گئی ہے۔
امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے۔
کرونا کیسز میں اضافے کے باوجود برازیل کی حکومت نے بیرونِ ملک سے آنے والے افراد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پابندی کے خاتمے سے چار ماہ تک جاری رہنے والے طویل لاک ڈاؤن کے سبب ملکی سیاحت کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ ہو سکے گا۔
امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہو گئی
امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1461 مریض دم توڑ گئے ہیں، ستائیس مئی کے بعد ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 713 ہو گئی ہے جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد 44 لاکھ 26 ہزار سے زیادہ ہے۔
ریاست ایریزونا، کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس میں نئے کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔