اٹلی: کرونا وائرس ایمرجنسی کی میعاد میں 15 اکتوبر تک توسیع
عالمگیر وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل اٹلی نے کرونا وائرس ایمرجنسی کی میعاد میں 15 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
اٹلی کی کابینہ نے بدھ کو ایمرجنسی میں توسیع کی منظوری دی ہے۔
یورپ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی نے 31 جنوری کو ملک بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی تھی۔
اٹلی میں اب تک کرونا کے دو لاکھ 46 ہزار 776 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے 35 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
جاپان میں ایک ہی روز میں ریکارڈ 1264 کیس رپورٹ
جاپان میں وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو ملک میں وائرس کے ریکارڈ 1264 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
جاپان میں بدھ کو وائرس سے تین افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وبا پھیلنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں ایک ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس سے قبل منگل کو ملک بھر میں 981 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ دارالحکومت ٹوکیو میں 250 اوساکا میں 221 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
جاپان میں اب تک کرونا وائرس کے 33761 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جب مجموعی اموات 1017 سے زائد ہیں۔
ٹیسٹوں کے نتائج میں تاخیر پر بل گیٹس کا اعتراض
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے امریکہ میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس پر سوالات اُٹھا دیے ہیں۔
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ امریکہ میں کرونا ٹیسٹس کے نتائج تاخیر سے عوام کو موصول ہوتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ ٹیسٹس کے نتائج فوری طور پر آ جائیں تاکہ وہ اس کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کر کے دُوسروں کو وائرس سے بچا سکیں۔
گیٹس کا کہنا تھا کہ عوام سوال اُٹھانے پر مجبور ہیں کہ وہ ایسے ٹیسٹس کے لیے رقم کیوں خرچ کریں جن کے نتائج تین دن یا ایک ہفتے بعد موصول ہوتے ہیں۔
بل گیٹس نے کہا کہ ابتداً امریکہ نے ملک گیر ٹیسٹس کی استعداد کو نہیں بڑھایا جس کی وجہ سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوششوں کو نقصان پہنچا۔
پاکستان میں کرونا کے شکار 32 مریض چل بسے
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 32 مریض چل بسے جب کہ ایک ہزار 114 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا سے مرنے والوں کی کل تعداد 5924 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد دو لاکھ 77 ہزار 371 ہے جس میں سے دو لاکھ 46 ہزار 131 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔