بھارت میں 60 ہزار سے زائد نئے کیسز، 834 اموات
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 60 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ اس وبا سے مزید 834 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
عالمی وبا سے بھارت میں اب تک 23 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ کرونا وائرس سے بھارت میں 46 ہزار سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں۔
ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 16 لاکھ سے زائد ہے جب کہ چھ لاکھ 43 ہزار سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔
لاہور: تاریخی قلعہ سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا
حکومت پنجاب کی ہدایت پر 'والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی' نے سیاحوں کے لیے قواعد و ضوابط کے ساتھ لاہور قلعہ کھول دیا ہے۔
لاہور کا یہ تاریخی شاہی قلعہ صبح آٹھ بجے سے شام سات بجے تک سیاحوں کے لیے کھلا رہے گا۔
صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق لاہور کے قلعے میں آنے والے تمام سیاح فیس ماسک پہننے اور فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات کو یقنی بنائیں گے۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا عملہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سیاح قواعد و ضوابط کی پاسداری کریں۔
نیوزی لینڈ: کرونا وائرس کے چار کیس رپورٹ ہونے پر دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ
نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں منگل کو کرونا وائرس کے چار کیسز سامنے آنے کے بعد تین روز کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
آکلینڈ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ جن میں سے کسی بھی فرد نے حال ہی میں سفر نہیں کیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں 102 روز کے بعد مقامی منتقلی کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد بدھ سے آکلینڈ میں دوبارہ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے نئے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کی تحلیل بھی پیر تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
پنجاب میں میٹرو بس سروس بحال
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں چلنے والی میٹرو بس سروس بحال کر دی ہے۔
میٹرو بس سروس کو کرونا وائرس کے سبب رواں برس مارچ میں بند کر دیا گیا تھا۔
حکومتِ پنجاب نے جڑواں شہروں (اسلام آباد و راولپنڈی) اور لاہور میں چلنے والی میٹرو بس سروس کے لیے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔
مسافروں کے میٹرو بس میں کھڑے ہو کر سفر کرنے پر پابندی ہو گی اور وہ سیٹ پر بیٹھ کر سفر کرنے کے پابند ہوں گے جب کہ مسافروں کے لیے دورانِ سفر ماسک پہننا لازم ہو گا۔
حکام کے مطابق میٹرو بس سروس کی بحالی سے قبل بسوں کو ڈس انفیکٹ کیا گیا تھا۔