پولیو کے قطروں کے ساتھ کرونا وائرس سے آگاہی
پاکستان میں انسدادِ پولیو کی مہم جب جولائی میں محدود سطح پر بحال ہوئی تو اس دوران یونیسیف کے مطابق سات لاکھ 80 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی۔ یونیسف کے جنوبی ایشیا کے لیے ہیلتھ ایڈوائزر پال رٹر کہتے ہیں کہ جولائی میں جو گراؤنڈ ورک کیا گیا تھا، اب اس کے فوائد ملک گیر سطح پر پھیلانے کی کوشش کی جائے گی۔
امریکی ہوٹل انڈسٹری 2023 تک ہی بحال ہو گی: رپورٹ
سفری معلومات پر کام کرنے والے دو معتبر اداروں نے پیش گوئی کی ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والا امریکی ہوٹل انڈسٹری کا بحران 2023 تک ہی ختم ہو سکے گا۔
یہ پیش گوئی سفری معلومات مرتب کرنے والی کمپنی 'ایس ٹی آر' اور کنسلٹنٹ کمپنی 'ٹورازم اکنامکس' نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں کی ہے۔
دونوں کمپنیوں کا اندازہ ہے کہ رواں برس امریکی ہوٹلز میں اوسطاً بکنگ 40 فی صد رہے گی جو 2021 میں بڑھ کر اوسطاً 52 فی صد تک ہونے کا امکان ہے۔
کرونا کی وبا سے قبل 2019 میں امریکہ میں ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ اوسطاً 66 فی صد رہی تھی جو ہوٹلنگ کی صنعت کے لیے ایک مناسب سطح ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں جیسے جیسے معمولاتِ زندگی بحال ہو رہے ہیں، بعض مقامات پر ہوٹلنگ کا رجحان بڑھا ہے لیکن بعض معروف سیاحتی مقامات کے ہوٹلز اب بھی سیاحوں کی راہ تک رہے ہیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں کرونا کو پھیلنے سے کیسے روکا جائے؟
لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پاکستان میں معمول کی سرگرمیاں بحال تو ہو رہی ہیں لیکن وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ کرونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا ایک ذریعہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی بن سکتی ہے۔ جنوبی افریقہ میں پبلک ٹرانسپورٹ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایک حل تلاش کیا گیا ہے۔ دیکھیے اس رپورٹ میں
امریکہ: 'اے ایم سی' کا 400 سنیما دوبارہ کھولنے کا اعلان
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سبب بند سنیما ہالز اب ایک مرتبہ پھر کھلنے لگے ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی سنیما چین 'اے ایم سی انٹرٹینمنٹ ہولڈنگز' نے بھی امریکہ میں اپنے بیشتر سنیما کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
'اے ایم سی' کی انتظامیہ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ 20 اگست سے فلم بینوں کے لیے امریکہ میں موجود اپنے دو تہائی سنیما ہالز کے دروازے کھول دے گی۔
'اے ایم سی' کے امریکہ میں مجموعی طور پر 600 سے زائد سنیما ہیں جن میں سے لگ بھگ 400 کو احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔
فلم بینوں کو دوبارہ سنیما آنے پر راغب کرنے کے لیے 'اے ایم سی' نے سنیما کھولنے کے پہلے روز ٹکٹ کی قیمت صرف 15 سینٹ مقرر کی ہے۔ کم قیمت پر ٹکٹوں کی فروخت کے لیے کمپنی نے تشہیری مہم بھی شروع کردی ہے جس کا مرکزی نعرہ "2020 میں فلم دیکھیے 1920 کی قیمت پر" ہے۔
کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکہ کے 100 سے زائد مقامات پر سنیما ہالز کھولے جائیں گے۔
اے ایم سی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ہفتوں میں مزید مقامات پر واقع اپنے دیگر سنیما بھی کھولنے کی تیاری کر رہی ہے۔