کرونا کے بعد نئی زندگی تو ملی، مگر پہلے جیسی نہیں
کرونا وائرس کا شکار ہونے والے بہت سے لوگوں کی مشکلیں اسے شکست دینے کے بعد بھی ختم نہیں ہوئیں۔ ڈاکٹر یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ وائرس مختلف افراد کو مختلف طریقوں سے کیوں متاثر کرتا ہے۔ ملیے ایک ایسے شخص سے جسے کرونا وائرس کو ہرانے کے بعد ایک نئی زندگی ملی مگر یہ زندگی اب بھی نارمل نہیں۔
بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد امریکہ سے بھی زیادہ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد بھارت عالمی وبا کے ایک دن میں رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد میں امریکہ سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
جنوبی ایشیائی ملک بھارت میں ہفتے کے روز 78 ہزار 761 نئے کیسز سامنے آئے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں 77 ہزار 299 سامنے آئے تھے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ وبا کے باعث اب تک 63 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں رواں ماہ سات اگست سے کرونا وائرس کے مصدقہ یومیہ کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کیا والدین بچوں کو اسکول بھیجنے کے لیے تیار ہیں؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد بیشتر دفاتر اور کاروباری مراکز کھل چکے ہیں اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھلنے کو تیار ہیں۔ ایس او پیز کے ساتھ اسکول کھولنے کے فیصلے کو والدین کیسے دیکھ رہے ہیں؟
پاکستان میں اموات اور متاثرہ افراد کی شرح میں کمی
پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی شرح میں تیزی سے کمی آتی جا رہی ہے جب کہ وائرس ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہونے کی رفتار مسلسل کمی آتی جا رہی ہے۔
سرکاری طور پر جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے صرف 4 اموات ہوئی ہیں۔ جب کہ اب تک مجموعی اموات کی تعداد 6288 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب 24 گھنٹوں میں 21 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے تاہم اس دوران صرف 264 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان میں اب تک 26 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جب کہ وائرس سے 2 لاکھ 95 ہزار افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
حکومت کے مطابق وائرس سے متاثر ہونے والے 94 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد ہے۔