پاکستان میں مزید 500 سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت: چوبیس گھنٹوں میں 94 ہزار سے زائد کیس رپورٹ
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 94 ہزار 372 مزید افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد بھارت میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو اس مہلک وبا سے مزید ایک ہزار 114 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بھارت میں وبائی مرض سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 78 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 77 فی صد سے زائد ہے جب کہ لگ بھگ 70 ہزار افراد روزانہ اس وبا سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
حمزہ شہباز بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں: مسلم لیگ (ن)
پاکستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز بھی جیل میں کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو چند روز سے بخار تھا جس کے بعد اُن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو فوری طبی امداد کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل کرنا ضروری ہے۔
پاکستان میں انسداد بدعنوانی کے ادارے، قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ سال جون میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کو گرفتار کیا تھا۔
فرانس میں پہلی بار 10 ہزار سے زائد کیس
فرانس میں کرونا وبا کے آغاز کے بعد پہلی بار ایک ہی روز 10 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام نے ہفتے کو بتایا کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 ہزار 561 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ریکارڈ کیسز رپورٹ ہونے کے بعد حکام نے لاک ڈاؤن کے بجائے دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ رسک والے علاقوں میں ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کے علاوہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دیگر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فرانس میں گزشتہ ہفتے اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مزید 2432 مریض اسپتال لائے گئے تھے جب کہ 417 مریضوں کو انتہائی نگہداشت وارڈز میں رکھا گیا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں 17 ہلاکتوں کے بعد مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 30 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔