صحرائے سینا میں اونٹوں کی دوڑ چھ ماہ بعد پھر شروع
اونٹوں کی دوڑ عرب دنیا کا ایک مقبول کھیل ہے جسے کرونا وائرس نے بند کرا دیا تھا۔ مگر اب عرب ممالک میں اونٹ ریس کی رونقیں دوبارہ لوٹ رہی ہیں۔ مصر کے صحرائے سینا میں ایک بار پھر دوڑتے اور دھول اڑاتے اونٹ دیکھیے اس رپورٹ میں
پنجاب بھر میں تین دن میں 34 طلبہ وائرس سے متاثر
پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ تین روز کے دوران 34 بچے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں 24 طلبہ جب کہ ننکانہ صاحب میں 7 بچوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
ننکانہ صاحب میں گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اسکول شاہ کوٹ اور گریژن اسکول ننکانہ صاحب کو بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک 14746 سرکاری، 1566 پرائیویٹ اسکولوں کے بچوں کے نمونے لیے جا چکے ہیں۔ 13796 نمونے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جس کے بعد 34 بچوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو سے زائد بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے پر اسکول کو 5 دن کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
پاکستان میں یومیہ کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا
پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثر افراد کی یومیہ تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔
سرکاری طور پر جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 645 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار ست تجاوز کر گئی ہے۔
متاثرہ افراد میں سے 95 فی صد یعنی 2 لاکھ 92 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں ملک بھر میں وبا سے متاثر افراد کی یومیہ تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی البتہ رواں ہفتے یومیہ تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔