کرونا بحران کے خواتین پر منفی اثرات
اقوامِ متحدہ کے مطابق نوعمر لڑکیاں ترقی کے میدان میں اس قدر پیچھے رہ گئی ہیں کہ آج وہ دنیا کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔ کرونا وائرس کی عالمی وبا نے خواتین کے لیے صورتِ حال مزید خراب کی ہے۔ اس عالمی وبا نے دنیا بھر کی خواتین کے لیے کیا چیلنجز پیدا کیے ہیں؟ دیکھیے نیلوفر مغل کی رپورٹ میں۔
پاکستان میں اب بھی 518 افراد انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس کے انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج افراد کی تعداد 518 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی طور پر 8782 افراد اب بھی کرونا سے متاثر ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان میں تین لاکھ 20 ہزار چار سو سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہوئے تھے جن میں سے 6601 افراد وبا سے ہلاک ہوئے جب کہ تین لاکھ پانچ ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثرہ افراد کی نشان دہی کے لیے 39 لاکھ 43 ہزار ٹیسٹ کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لگ بھگ 29 ہزار افراد کے ٹیسٹ ہوئے۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 615 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ جب کہ مزید 14 افراد ہلاک ہوئے۔
کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد صدر ٹرمپ کا فلوریڈا میں ریلی سے خطاب
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے معالجین نے تصدیق کی ہے کہ صدر کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ انتخابی ریلی میں شرکت کے لیے ریاست فلوریڈا بھی گئے جہاں انہوں نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ میمو کے مطابق صدر ٹرمپ کا کرونا ٹیسٹ لگاتار دو روز منفی آیا ہے۔ تاہم اُن کے معالج نے یہ نہیں بتایا کہ صدر کے کرونا ٹیسٹ کب کیے گئے تھے۔
صدر کے معالج ڈاکٹر شان کونلی نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کے کرونا ٹیسٹ 'ایبٹ لیبارٹریز' کی نئی ریپڈ ٹیسٹںگ سہولت کے ذریعے کیے گئے۔
اُن کے بقول کرونا ٹیسٹنگ کے علاوہ صدر ٹرمپ کے چند دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں جس کے بعد اُن میں وائرس کی عدم موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
صدر ٹرمپ کے معالج نے چند روز قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر سے اب دوسروں میں وائرس منتقل ہونے کا خدشہ ختم ہو چکا ہے۔
پاکستان میں مزید 531 افراد میں وائرس کی تصدیق
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 531 افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ حکام نے آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 3 لاکھ 19 ہزار 848 افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 3 لاکھ چار ہزار 609 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
پاکستان میں وبا کے باعث اب تک مجموعی طور پر چھ ہزار 588 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک کرونا کے 39 لاکھ 14 ہزار 818 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 30 ہزار 22 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔