یورپ میں 10 روز کے دوران کیسز کی تعداد میں دو گنا اضافہ
یورپ میں 10 روز کے دوران کرونا وائرس کیسز کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے جس کے بعد جمعرات کو ایک روز کے دوران پہلی مرتبہ دو لاکھ کیسز کا ہندسہ عبور کر گیا ہے۔
یورپ میں پہلی مرتبہ 12 اکتوبر کو کرونا وائرس کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ متعدد جنوبی یورپین ممالک میں رواں ہفتے ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جمعرات کو اٹلی، آسٹریا، کروشیا، سلوینیا اور بوسنیا میں ایک دن کے دوران سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔
مغربی یورپ کے ملک فرانس میں یومیہ اوسطاً 25 ہزار 480 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ نیدرلینڈز میں 24 گھنٹوں کے دوران نو ہزار سے زائد افراد کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع ہے۔
جرمنی میں 10 ہزار یومیہ کیسز سامنے آرہے ہیں جب کہ اس نے سوئٹزر لینڈ، آئرلینڈ، پولینڈ، آسٹریا اور روم کے لیے سفری پابندیوں میں توسیع کر دی ہے۔
یورپ میں مجموعی طور پر اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 78 لاکھ ہو گئی ہے جب کہ تقریباً دو لاکھ 47 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کیسز میں اضافہ، مزید 700 سے زیادہ کیسز رپورٹ
کرونا بحران: کاروبار تو کھل گیا لیکن مشکلات برقرار
پاکستان میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئے تقریباً دوسرا مہینہ ہے۔ لیکن اب بھی بہت سے لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو پا رہے۔ معیشت کے اعداد و شمار جو کہانی بتا رہے ہیں وہ اصل زندگی میں کیسے نظر آ رہی ہے؟ دیکھیے لاہور سے ثمن خان کی اس رپورٹ میں۔
بھارت میں سات لاکھ 15 ہزار فعال کیسز
بھارت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 7 لاکھ 15 ہزار 812 افراد زیرِ علاج ہیں۔
حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 68 لاکھ 74 ہزار افراد وبا سے متاثر ہوئے تھے جن میں سے ایک لاکھ 16 ہزار 616 اموات ہوئی ہیں۔
ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز ریاست مہاراشٹرا میں سامنے آئے جہاں 16 لاکھ 17 ہزار افراد وبا سے متاثر ہوئے۔