پاکستان میں مزید 1600 سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1650 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح پاکستان میں کرونا کیسز کی کل تعداد تین لاکھ 44 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار مزید نو مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 6 ہزار 977 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں تین لاکھ 18 ہزار 881 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ اب تک 47 لاکھ سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 5 کروڑ سے متجاوز
دنیا بھر میں کرونا وائرس کے آغاز سے اب تک اس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 5 کروڑ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق وبائی مرض سے دنیا بھر میں اب تک 12 لاکھ 56 ہزار 254 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں وبائی مرض کے آغاز سے اب تک 99 لاکھ 71 ہزار 650 سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ دو لاکھ 37 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
امریکہ کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے پہلے جب کہ بھارت کا نمبر دوسرا ہے جہاں اب تک 85 لاکھ 53 سے زائد مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
برازیل کرونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 56 لاکھ 64 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کے لحاظ سے برازیل امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 62 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
اسی طرح فرانس میں اب تک 18 لاکھ 35 ہزار، روس میں 17 لاکھ 60 ہزار اور اسپین میں 13 لاکھ 28 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ان ملکوں میں کرونا وبا سے اموات کی تعداد بالترتیب 40، 30 اور 38 ہزار ہے۔
فرانس میں اموات 40 ہزار سے متجاوز
فرانس میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزتہ 24 گھنٹوں میں مزید 304 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں 60 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے مزید 304 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 40 ہزار 220 ہو گئی ہے۔
امریکہ میں مسلسل چوتھے روز ریکارڈ یومیہ کیسز کی تصدیق
امریکہ میں مسلسل تیسرے روز میں ریکارڈ یومیہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد زیرِ علاج متاثرہ افراد کی تعداد 57 لاکھ 73 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کی 'جان ہاپکنز یونی ورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں ایک لاکھ 27 ہزار 399 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ جو ایک دن میں سامنے آئے والے ریکارڈ کیسز ہیں۔ اس سے ایک روز قبل بھی ریکارڈ یومیہ کیسز ایک لاکھ 26 ہزار 480 کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔ جب کہ اس سے ایک دن پہلے ایک لاکھ 21 ہزار 888 کیسز کا اندراج ہو تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار روز میں مسلسل ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ میں اب تک 98 لاکھ 61 ہزار 983 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 'جان ہاپکنز یونی ورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق متاثر افراد میں سے 38 لاکھ 51 ہزار 465 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار 123 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 40 اموات ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ وبا سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔