بھارت میں مزید 520 افراد ہلاک، نئی دہلی کے اسپتالوں میں بستروں کی کمی
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 44 ہزار 684 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جب کہ مزید 520 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق ہفتے کو رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے سات ہزار 802 کیسز دارالحکومت نئی دہلی سے رپورٹ ہوئے۔ جہاں عالمی وبا کے سبب مزید 91 اموات بھی ہوئی ہیں۔
نئی دہلی میں حالیہ ہفتوں کے دوران بھارت کے دوسرے علاقوں کی نسبت کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے اسپتالوں میں گنجائش لگ بھگ ختم ہو چکی ہے اور اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں وینٹی لیٹرز کی سہولت والے بستروں کی تعداد کم ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔
دہلی کی مقامی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ نومبر کے آخر تک یومیہ کیسز کی تعداد 12 ہزار تک جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 87 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ جب کہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وبا کے باث ملتوی ہونے والے پی ایس ایل کے آخری مرحلے کی تیاریاں مکمل
کرونا کی وبا کے باعث ملتوی ہونے والا پاکستان سپر لیگ فائیو کا آخری مرحلہ ہفتے سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ پلے آف مرحلے میں تین میچز کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل بھی 17 نومبر کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ان میچز کے بارے میں مزید جانتے ہیں نوید نسیم کی اس ڈیجیٹل رپورٹ میں
پاکستان میں رواں ہفتے کرونا وائرس سے 132 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے رواں ہفتے 132 اموات ہو چکی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں عالمی وبا سے مزید 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جس کے بعد کرونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 7109 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 2 ہفتوں میں وبا سے ہلاکتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔
حکومت بھی عوام پر احتیاطی تدابیر اور پابندیوں پر عمل کرنے پر زور دے رہی ہے۔
پاکستان میں زیرِ علاج افراد کی تعداد 25 ہزار تک پہنچ گئی
پاکستان میں کرونا وائرس کے زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 25 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 2165 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جس کے بعد زیرِ علاج افراد کی تعداد 24 ہزار 938 ہو گئی ہے۔
زیرِ علاج افراد میں سے 1316 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں وبا ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔