وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ٹیسٹ مثبت
پاکستان کے صوبے سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ کا کرونا ٹیسٹ جمعے کو کیا گیا تھا جس کی رپورٹ کے مطابق ان میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انہیں ہلکا بخار ہے لیکن وہ خود کو ٹھیک محسوس کر رہے ہیں تاہم ڈاکٹروں کی ہدایت پر انہوں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔
برطانوی وزیرِ اعظم نے خود کو قرنطینہ کر لیا
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے اپنے ایک ساتھی کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو سب سے الگ تھلگ کر لیا ہے۔
وزیرِ اعظم کے ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ بورس جانسن ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ تک محدود رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم بالکل ٹھیک ہیں اور اُن میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں۔ تاہم وہ ٹیسٹ اینڈ ٹریس اسکیم کی ہدایت کے بعد آئسولیٹ ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ بورس جانسن رواں برس اپریل میں کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور اُنہیں تین روز تک وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا۔
جان پاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 47 ہزار سے زیاہ ہے جب کہ اب تک 51 ہزار 858 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا کے مثبت ٹیسٹ کی شرح سات فی صد سے بڑھ گئی
پاکستان میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیشِ نظر ٹیسٹ کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح سات فی صد سے بڑھ گئی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2128 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے تین لاکھ 59 ہزار سے زیادہ کیسز اور سات ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 29 ہزار سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور اب تک ٹیسٹ کی مجموعی تعداد 49 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے شکار 1379 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ تین لاکھ 23 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
فرانس میں کرونا وائرس کے مزید 32 ہزار سے زائد کیس رپورٹ
فرانس میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اتوار کو ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
فرانس میں اب تک 19 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 359 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 44 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث فرانس میں مزید پابندیاں لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔