ہم اپنے جلسے ختم کر رہے ہیں، دوسروں سے بھی ایسا کرنے کا کہیں گے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ملک بھر میں اپنے جلسے ختم کر رہے ہیں جب کہ دوسروں سے بھی جلسے ختم کرنے کا کہیں گے۔
پیر کو اسلام آباد میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ وائرس مزید مؤثر ہو گیا اور پاکستان میں گزشتہ چھ سے سات روز کے دوران کیسز میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شادی ہالز میں ان ڈور کیٹرنگ پر پابندی ہو گی جب کہ آؤٹ ڈور کیٹرنگ میں 300 مہمانوں کی اجازت ہو گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سب سے مؤثر ہتھیار ماسک ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو جون کے مہینے کی طرح اسپتال مریضوں سے دوبارہ بھر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فی الحال ریستوران بند نہیں کر رہے لیکن اُنہیں سماجی فاصلے یقینی بنانا ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی بندش کے حوالے سے فیصلہ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صورتِ حال کا جائزہ لیں گے اگر کیسز بڑھے تو اسکولوں میں سردیاں کی چھٹیاں بڑھا دیں گے جب کہ گرمیوں کی چھٹیاں صرف ایک ماہ کی ہوں گی۔
دنیا بھر میں ایک ہی روز چھ لاکھ 60 ہزار سے زائد کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ہفتے کو دنیا بھر میں کرونا وائرس کے ایک ہی روز میں ریکارڈ چھ لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ ادارے کے مطابق گزشتہ سال دسمبر کے آخر میں شروع ہونے والی اس وبا کے بعد دنیا بھر میں ایک روز کے دوران رپورٹ ہونے والے یہ سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس سے قبل جمعے کو کرونا کے چھ لاکھ 45 ہزار جب کہ اس سے قبل سات نومبر کو چھ لاکھ 14 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
ہفتے کو ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق نئے کیسز میں دو لاکھ 85 ہزار کیسز سے زائد کیس یورپ جب کہ دو لاکھ 69 ہزار سے زائد کیسز امریکی خطے میں رپورٹ ہوئے۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم گیبراسس نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اب بھی دنیا کو طویل سفر طے کرنا ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک مجموعی طور پر پانچ کروڑ 43 لاکھ 87 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
بھارت میں 30 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 548 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد بھارت میں کیسز کی کل تعداد 88 لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کیسز کی شرح میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے اور اب تک 82 لاکھ 49 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق بھارت میں ایکٹو کیسز کی تعداد چار لاکھ 65 ہزار سے زیادہ ہے اور اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
امریکہ میں کیسز کی تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ
امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جہاں اب تک دو لاکھ 46 ہزار 214 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں نئے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور کیسز کی کُل تعداد ایک کروڑ 10 لاکھ 36 ہزار سے زیادہ ہے۔
صرف ریاست نیویارک میں اب تک 34 ہزار 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جہاں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 81 ہزار 788 ہے۔
اسی طرح ٹیکساس میں 20 ہزار سے زیادہ اموات اور آٹھ لاکھ 71 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
ریاست کیلی فورنیا میں 18 ہزار 262، فلوریڈا میں 17 ہزار 518، نیو جرسی میں 16 ہزار 566 اور ریاست الی نوائے میں 11 ہزار 162 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
امریکہ کرونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اموات اور کیسز کی تعداد دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔