کرونا ویکسین پاکستان میں کب ملے گی؟
کرونا وائرس کی ویکسین مارکیٹ میں کب آئے گی؟ پاکستان میں کب دستیاب ہو گی؟ اور سب سے پہلے کن لوگوں کو دی جائے گی؟ کیا پاکستان کے پاس بڑے پیمانے پر ویکسین خریدنے کے وسائل ہیں؟ جانیے ان تمام سوالوں کے جوابات اور ویکسین سے متعلق مزید معلومات وائس آف امریکہ کے نئے سلسلے 'آن لائن کلینک' کی پہلی قسط میں۔
سوڈان: 10 روز کے دوران 7 ڈاکٹرز کرونا سے ہلاک
سوڈان میں 10 روز کے دوران سات ڈاکٹرز کرونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہلاکت ملک میں حالیہ ہفتوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کی نشاندہی کرتی ہے۔
سوڈان کی وزارتِ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ساتوں ڈاکٹروں نے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج، مرض کے پھیلاؤ کو روکنے اور سوڈانی عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے انتھک محنت کی۔
حکومت نے اس حادثے کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے وبائی مرض کے خلاف مقابلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کو حقیقی ہیرو قرار دیا جو اپنے لوگوں کا دفاع کرتے ہوئے ہلاک ہوئے۔
گزشتہ ماہ بھی سوڈان میں کرونا وائرس سے تقریباً 100 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
چین: شنگھائی ایئرپورٹ عملے کے کرونا ٹیسٹ، سیکڑوں پروازیں منسوخ
چین کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب شنگھائی میں کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
چین کے محکمۂ صحت کے مطابق شنگھائی میں رپورٹ ہونے والے سات کیسز کا تعلق پوڈنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو سیکشن کے عملے کے ساتھ تھا جس کے بعد ایئرپورٹ کے ہزاروں ملازمین کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
ویری فلائٹس کے مطابق منگل کو پوڈنگ ایئرپورٹ سے شیڈول 500 فلائٹس منسوخ کی گئی ہیں جن میں سے تقریباً آدھی پروازیں اندرونِ ملک کی تھیں۔
اسی طرح تنجیان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی روزانہ اڑنے والی تقریباً آدھی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ تنجیان میں ہفتے کو مقامی سطح پر کرونا منتقلی کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
پاکستان میں مزید 48 اموات، 2900 سے زیادہ کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 48 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 2954 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز اور اموات کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح سات اعشاریہ پانچ چار فی صد رہی۔
حکومت نے کرونا کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے تعیلمی اداروں کی بندش اور متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا سے اب تک 7744 افراد ہلاک اور تین لاکھ 79 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق تین لاکھ 31 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب اور 40 ہزار سے زیادہ زیرِ علاج ہیں۔ تشویش ناک حالت میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد ایک ہزار 751 بتائی جاتی ہے۔