امریکہ میں دو لاکھ نئے کیس، اسپتالوں میں 89 ہزار سے زائد مریض
امریکہ میں بدھ کو کرونا وائرس کے دو لاکھ ریکارڈ نئے کیسز کا اضافہ ہوا ہے جب کہ اسپتالوں میں داخل کرونا مریضوں کی تعداد 89 ہزار تک جا پہنچی ہے۔
طبی ماہرین جمعرات کو 'تھینکس گیونگ' کے تہوار کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل و حرکت سے وائرس کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
امریکہ کی بہت سی ریاستوں میں کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ تاہم امریکی سپریم کورٹ نے ریاست نیو یارک کے ایسے علاقوں میں عبادت گاہوں میں آنے والے لوگوں کی تعداد کو محدود رکھنے کے اقدام کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
نئی دہلی: آلودگی اور کرونا کی ٹینشن ساتھ ساتھ
بھارت کا شمار دنیا کے آلودہ ترین ممالک میں ہوتا ہے۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کو ان دنوں دو طرح کے ہنگامی حالات کا سامنا ہے۔ ایک طرف شہر میں مہلک فضائی آلودگی اور اسموگ ہے تو دوسری جانب کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ تفصیلات دیکھیے اس رپورٹ میں۔
چھ پاکستانی کرکٹرز کرونا کا شکار
نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک ٹوئٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق بتایا اور کہا کہ دو متاثرہ کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ 'تاریخی' ہیں جب کہ چار کھلاڑیوں کے ٹیسٹ نئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم پیر کی صبح لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوئی تھی اور وہاں پہنچ کر کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ روانگی سے ایک روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو بخار کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے تاہم بخار کی وجہ سے انہیں نیوزی لینڈ نہیں بھیجا جا رہا۔
سوڈان کے سابق وزیرِ اعظم کرونا سے چل بسے
سوڈان کے سابق وزیرِ اعظم صادق المہدی جمعرات کو کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد چل بسے ہیں۔
صادق المہدی کی سیاسی جماعت امہ پارٹی نے جمعرات کو ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
تین ہفتے قبل صادق المہدی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے باعث وہ سوڈان کے اسپتال میں ہی زیرِ علاج تھے تاہم طبیعت بگڑنے پر انہیں متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔
چراسی سالہ صادق المہدی سوڈان کے جمہوری طور پر منتخب ہونے والے آخری وزیرِ اعظم تھے جن کی حکومت کا تختہ 1989 میں الٹ دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سوڈان میں اب تک کرونا وائرس کے 17 ہزار سے زیادہ کیسز اور 1200 سے زیادہ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔