رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:43 27.11.2020

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں رات کا کرفیو لگانے پر غور

دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال نے دارالحکومت نئی دہلی میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے رات کا کرفیو لگانے کا عندیہ دیا ہے۔

جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ میں کرونا سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اُنہوں نے بتایا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے دیگر اقدامات کی طرح رات کا کرفیو لگانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

نئی دہلی میں گزشتہ ہفتے روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز اوسطً پانچ ہزار سے تجاوز کر گئے تھے جو ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ شرح ہے۔

جمعرات کو نئی دہلی میں 5475 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ 91 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے۔ دہلی میں مجموعی طور پر وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8811 ہو گئی ہے۔

19:24 27.11.2020

جنوبی کوریا میں بغیر علامات کے کرونا کیسز میں اضافہ

جنوبی کوریا میں علامات ظاہر نہ ہونے سے کرونا وائرس کی تشخیص میں مشکلات کا سامنا ہے اور وائرس کے خاموشی سے پھیلاؤ سے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 524 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کو وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔

جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق نوجوانوں میں بھی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جب کہ بغیر علامات کے کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 40 فی صد تک پہنچ گئی ہے، جو جون میں 20 سے 30 فی صد کے درمیان تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرد موسم کے باعث کیسز مزید بڑھ رہے ہیں۔ کیوں کہ لوگ بند مقامات پر بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

جنوبی کوریا میں مجموعی طور پر کرونا کے 32 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ مہلک وائرس سے 500 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

16:43 27.11.2020

تھائی لینڈ کا ویکسین کی خریداری کے لیے معاہدہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تھائی لینڈ نے برطانوی دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا کی کرونا ویکسین خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

تھائی لینڈ کے قومی ویکسین انسٹی ٹیوٹ نے آسٹرا زینیکا کے ساتھ جمعے کو معاہدہ کیا ہے جس کے تحت دو کروڑ 60 لاکھ خوراکیں 2021 کے وسط تک فراہم کی جا سکتی ہیں۔

ویکسین کی یہ خوراکیں تقریباً سات کروڑ آبادی والے ملک کی ایک کروڑ 30 لاکھ آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔ معاہدے کی مالیت سات کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہے۔

اس معاہدے کے علاوہ وزارتِ صحت کے ڈیزیز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے بھی ایک معاہدہ کیا ہے جس کی مالیت ایک ارب 21 کروڑ ڈالر ہے اور اسے 'اے زیڈ ڈی 1222' کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

16:27 27.11.2020

ایسٹرازینیکا کی کرونا ویکسین کے مؤثر ہونے پر سوالات

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی دواز ساز کمپنی ایسٹرازینیکا کی کرونا ویکسین کی کامیابی کی شرح پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ امریکہ اور یورپی ریگولیٹرز سے ویکسین کی منظوری میں رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں۔

متعدد سائنس دانوں نے آسٹرازینیکا کی ویکسین کے نتائج پر خدشات کا اظہار کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ تجربات کے دوران ابتدائی طور پر اس میں بعض خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔

لندن کے ایمپیریل کالج کے پروفیسر پیٹر اوپنشا کا کہنا ہے کہ ہمیں ویکسین کے تجربات کو مکمل ڈیٹا کا انتظار کرنا چاہیے اور یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ ریگولیٹر ان نتائج سے متعلق کیا کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کے ڈرگ ریگولیٹرز کا نکتۂ نظر ممکنہ طور پر اس ویکسین سے متعلق مختلف ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایسٹرازینیکا نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ آکسفورڈ یونیوسٹی کے اشتراک سے بنائی گئی ویکسین کے برطانیہ اور برازیل میں آخری تجربات کیے گئے جس کے نتائج 90 فی صد تک درست پائے گئے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG