ہانگ کانگ میں وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اسکول بند
ہانگ کانگ میں کرونا وائرس کے مزید 115 کیسز سامنے آنے کے بعد اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر اسکول رواں سال کے آخر تک بند رہیں گے۔
ہانگ کانگ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 24 کیسز ایسے ہیں جن کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ افراد وبا سے کیسے متاثر ہوئے۔ جب کہ 62 متاثرہ افراد کا تعلق ایک ڈانس اسکول سے تھا۔
ان ریستورانوں کے عملے اور وہاں آنے والے مہمانوں کو بھی کرونا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا ہے جہاں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد گئے تھے۔
ہانگ کانگ میں اب تک چھ ہزار 239 افراد کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے 109 اموات ہوئی ہیں۔
میکسیکو میں 10 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ، 586 اموات
شمالی امریکہ کے ملک میکسیکو میں ہفتے کو کرونا وائرس کے مزید 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد میکسیکو میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق 24 گھنٹوں میں وبا کے سبب مزید 586 اموات بھی ہوئیں۔
میکسیکو میں اب تک کرونا وائرس سے ایک لاکھ پانچ ہزار 459 اموات ہو چکی ہیں۔
وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ٹیسٹوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے متاثرہ افراد اور اس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
جرمنی میں 14 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص
یورپ کے ملک جرمنی میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے. سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 14 ہزار سے زائد افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہوئی ہے۔
جرمنی کے وبائی امراض سے متعلق ادارے ‘آر کے آئی’ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 10 لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
آر کے آئی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا کے باعث مزید 158 اموات رپورٹ کی گئیں۔
جرمنی میں مہلک وبا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 16 ہزار 123 ہو چکی ہے۔
سندھ میں کرونا کے خلاف احتیاطی تدابیر نظر انداز
پاکستان کے صوبہ سندھ میں باقی ملک کے مقابلے میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ لیکن عوامی سطح پر اب بھی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کم ہی ہو رہا ہے۔ مزید جانتے ہیں لاڑکانہ سے وائس آف امریکہ کے نمائندے محمد ثاقب کی اس رپورٹ میں۔