امریکہ: تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے بعد عوام کو سخت پابندیوں کا سامنا
امریکہ میں تھینکس گیونگ کے تہوار کے موقع پر اجتماعات کے بعد کرونا کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے جسے دیکھتے ہوئے پابندیوں کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
لاس اینجلس کاؤنٹی کے ایک کروڑ رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں جب کہ سیلیکون ویلی کی سینٹا کلارا کاؤنٹی میں ہائی اسکول، کالج اور کھیلوں کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سینٹا کلارا کاؤنٹی سے باہر ڈیڑھ سو میل کا سفر کرنے والوں کو قرنطینہ کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ادھر ہوائی کاؤنٹی کے میئر کا کہنا ہے کہ ٹرانس پیسفک سے آنے والے ایسے مسافروں کو جن کے پاس کووڈ 19 کے مفنی ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں ہو گی اُنہیں 14 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک دو لاکھ 68 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک جب کہ ایک کروڑ 35 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
پاکستان کیسز کی تعداد 4 لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 15 جولائی کے بعد منگل کو ریکارڈ اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 969 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2400 سے زیادہ لوگوں میں وبا کی تشخیص ہوئی۔
نئے کیسز کے بعد پاکستان میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد چار لاکھ 482 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق تین لاکھ 43 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور ملک میں 50 ہزار سے زیادہ ایکٹو کیسز ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے آٹھ ہزار 91 اموات ہو چکی ہیں اور 2100 سے زیادہ مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 55 لاکھ سے زیادہ افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سری لنکا: جیل میں کرونا سے پریشان قیدیوں کا ہنگامہ، 8 ہلاک
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کی ایک جیل میں ہونے والے فساد پر قابو پانے کے لیے جیل کے محافظوں کی فائرنگ سے آٹھ قیدی ہلاک اور 59 زخمی ہو گئے ہیں۔
سری لنکا کی جیلوں میں جہاں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدی رکھے جا رہے ہیں، کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے بے چینی پائی جاتی ہے۔
حالیہ ہفتوں میں ملک کی متعدد جیلوں میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی وجہ سے قیدیوں نے احتجاج کیا۔
پولیس کے ترجمان اجیت روحانہ کا کہنا تھا کہ اتوار کو کولمبو سے 10 میل دور ماہارا جیل میں قیدیوں نے ہنگامہ شروع کیا تو ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے صورت حال کو قابو پانے کی کوشش کی۔
امریکہ میں کرونا لہر میں مزید اضافے کا خدشہ
امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
اے بی سی ٹی وی کے پروگرام 'دِس ویک' میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ تھینکس گیونگ کی حالیہ چھٹی کے بعد ہمیں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کا سامنا ہو گا۔
ڈاکٹر فاؤچی نے ایسے موقع پر خبردار کیا ہے جب امریکہ میں صرف نومبر میں 40 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں تقریباً ڈیڑھ گنا تعداد زیادہ ہے۔
امریکہ میں ماہِ اکتوبر میں لگ بھگ 19 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں عالمی وبا سے اب تک لگ بھگ دو لاکھ 67 ہزار اموات اور ایک کروڑ 37 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔