بائیڈن کی کانگریس سے دسمبر میں کرونا ریلیف پیکیج منظور کرنے کی اپیل
امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسی معیشت بنانا چاہتے ہیں جو تمام امریکیوں کے حق میں کام کرے۔
وہ کرونا بحران سے پیدا ہونے والے مسائل کے تناظر میں 20 جنوری سے شروع ہونے والی اپنی چار سالہ صدارت میں اقتصادی پالیسیوں کے متعلق بات کر رہے تھے۔
اپنے آبائی شہر ولمنگٹن میں نئی انتظامیہ کے لیے اقتصادی امور کی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ جانتا ہوں کہ یہ ایک کٹھن دور ہے، لیکن میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے لیے امداد آ رہی ہے۔
بائیڈن نے فیڈرل ریزرو کی سابقہ چیئر پرسن جینٹ ییلن کو وزیرِ خزانہ نامزد کرتے ہوئے کانگریس سے کہا کہ وہ دسمبر میں ہی نئے قانون ساز ارکان کے آنے سے پہلے عوام کے لیے کرونا امدادی ریلیف پیکیج کا بل پاس کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی امداد کی فراہمی محض ایک آغاز ہو گی اور جب وہ حکومت کی باگ دوڑ سنبھالیں گے تو نئی تجاویز دیں گے۔
مزید جانیے
عام لوگوں تک کرونا ویکسین پہنچانا کتنا مشکل ہو گا؟
کرونا وائرس کی ویکسین کی عام لوگوں تک رسائی کتنی مشکل ہو گی؟ کیا ویکسین آنے کے بعد بھی ٹیسٹنگ کی ضرورت ہو گی؟ اور کیا کرونا وائرس کی ویکسین کچھ لوگوں کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے؟ جانیے یہ سب اور بہت کچھ وائس آف امریکہ کے 'آئن لائن کلینک' کی چوتھی قسط میں۔
وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم کرونا سے متاثر
پاکستان کی وزارتِ قانون کے ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
بیان میں وزیرِ قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وہ وبا کی معمولی علامات محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کراچی میں اپنے گھر سے سرکاری امور کی انجام دہی جاری رکھیں گے۔
پاکستان میں پانچ ماہ بعد یومیہ ساڑھے تین ہزار کیسز رپورٹ
پاکستان میں وبا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور پانچ ماہ بعد یومیہ ساڑھے تین ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3499 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد زیرِ علاج افراد کی تعداد 51 ہزار 654 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں وبا سے لگ بھگ چار لاکھ سات ہزار افراد متاثر ہوئے تھے جن میں سے تین لاکھ 47 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 8205 اموات ہوئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق زیرِ علاج 51 ہزار 654 افراد میں سے 2469 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔